کاروبارکے پہلے روزپاکستان اسٹاک مارکیٹ شدید ترین مندی کی زدمیں رہی،کے ایس ای 100 انڈیکس 49 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے نیچے آگیا اور400 سے زائد پوائنٹس کی کمی سے انڈیکس 48500 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بند ہوا۔
پیر کے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر منفی رجحان نظر آیا،ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس پوائنٹس کی 4 بالائی حد سے نیچے گر گیا اور48500 پوائنٹس کی کم سطح پر بند ہوا۔ اسٹاک ماہرین کے مطابق کمپنیوں کے مالیاتی نتائج کا سیزن ختم ہونے کے بعد سرمایہ کاروں کو خریداری کی کوئی وجہ نظر نہیں آرہی ہے جبکہ ایس ای سی پی کی بروکرز کیخلاف کاروائی سے بھی سرمایہ کار محتاط ہیں جس کی وجہ سے مارکیٹ میں کاروباری حجم کم ہوتا جا رہا ہے۔
پیر کو کاروبارکے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس میں 487.25 پوائنٹس کی کمی ریکارڈکی گئی جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس 49008 پوائنٹس سے کم ہو کر 48520.75 پوائنٹس پرآگیا اسی طرح 237.37 پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30 انڈیکس 26354.86 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرزانڈیکس 33166.31 پوائنٹس سے گھٹ کر 32868.84 پوائنٹس پربندہوا۔
پیرکے روزمارکیٹ کے سرمائے میں 87 ارب 4 کروڑ 6 لاکھ 12 ہزار 304 روپے کی کمی ریکارڈکی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کامجموعی حجم 97 کھرب 4 ارب 53 کروڑ 47 لاکھ 5 ہزار 767 روپے سے کم ہو کر 96 کھرب 17 ارب 49 کروڑ 40 لاکھ 93 ہزار463 روپے رہ گیا۔ پیر کومارکیٹ میں 25 کروڑ 9 لاکھ 93 ہزار حصص کے سودے ہوئے اور ٹریڈنگ ویلیو 11 ارب تک محدودرہی جبکہ گزشتہ جمعہ کو 27 کروڑ 53 لاکھ 86 ہزارحصص کے سودے ہوئے تھے اورٹریڈنگ ویلیو 14 ارب روپے ریکارڈکی گئی تھی۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیرکے روزمجموعی طورپر407 کمپنیوں کا کاروبارہواجس میں سے 65 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 325 میں کمی اور17 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔