پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈیٹرز کے درمیان پہلا کوالیفائنگ فائنل کل منگل کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق یو اے ای میں جاری پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا دوسرا ایڈیشن اختتامی مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، میگا ایونٹ کا پہلا کوالیفائر ٹورنامنٹ کی ٹاپ ٹیم پشاور زلمی اور دوسرے نمبر پر رہنے والی کوئٹہ گلیڈیٹرز کے درمیان شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جو بھی ٹیم جیتے گی وہ فائنل کیلئے کوالیفائی کرلے گی تاہم ہارنے والی ٹیم کو فائنل میں جگہ بنانے کیلئے ایک اور موقع ملے گا اور وہ کوالیفائنگ ٹو کی فاتح ٹیم سے پنجہ آزما ہوگی۔
پشاور کی ٹیم ڈیرن سیمی کی قیادت میں میدان میں اترے گی اور اس کو بوم بوم آفریدی، شکیب الحسن، مارلون سیموئلز، کامران اکمل، تمیم اقبال، محمد حفیظ، وہاب ریاض کی خدمات حاصل ہوں گی۔ کوئٹہ گلیڈیٹرز کی قیادت کے فرائض سرفراز احمد انجام دیں گے جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں کیون پیٹرسن، رلی روسو اور احمد شہزاد شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ کا پلے آف راؤنڈ کا دوسرامیچ مصباح الحق کی اسلام آباد یونائیٹڈ اور سنگاکارا کی کراچی کنگز کے مابین بدھ کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔