قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ کیریئر کا الوداعی میچ اپنے ملک میں کھیلنا چاہتے ہیں۔
شاہدآفریدی نے متحدہ عرب امارات میں جاری پی ایس ایل ٹو کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے الوداعی میچ لاہور میں کھیلنے کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ اگر موقع ملا تو اس میچ کو یادگار بنانے کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔
پی ایس ایل فائنل کے لاہور میں انعقاد پر عمران خان کی تنقید کے حوالے سے آفریدی نے کہا کہ میرا موقف ان سے مختلف ہے،پی ایس ایل ٹو کا فائنل کا لاہور میں انعقاد خوش آئند ہے اور میں بہت پرجوش ہوں، فائنل کے کامیاب انعقاد کیلئے شائقین، میڈیا اور سیکیورٹی اداروں سمیت ہم سب کو کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پشاور زلمی ٹائٹل جیت گئی تو ٹیم آرمی پبلک اسکول پشاور کے طلبہ کے ساتھ مل کر فتح کا جشن منائے گی۔