فیس بک کا خودکشی کے واقعات روکنے کیلئے نیا منصوبہ

182

 

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ‘‘فیس بک’’نے مصنوعی ذہانت کو استعمال کرکے خودکشی کے واقعات کو روکنے کے لیے منصوبہ تیار کرلیاہے۔

دنیا کی سب سے بڑی سماجی ویب سائٹ فیس بک نےایسا ایلگورتھم تیار کیا ہے جو فیس بک کے کسی صارف اور ان کے دوستوں کی جانب کیے گئے تبصروں اورتجزیوں کی روشنی میں اس شخص کی نشاندہی کرے گا جس متعلق خدشہ ہو کے وہ ممکنہ طور پر خودکشی کرے گا۔فیس بک کی ٹیم کی جانب سے تصدیق کے بعد کمپنی ان لوگوں سے رابطہ کرے گی جن کے بارے میں یہ خیال ہو کہ وہ خود کو نقصان پہنچا سکتے ہیں اور انھیں بتایا جائے گا کہ وہ کیسے مدد حاصل کر سکتے ہیں۔

سماجی ویب سائٹ کے مطابق خودکشی کے اقدامات کو روکنے والے اس ٹول کو فیس بک پوسٹز،لائیواسٹریمنگ فیچرز اورمیسینجر سروسز پر بھی استعمال کیا جا سکے گا۔فیس بک نیوز روم پر جاری کردہ ایک بلاگ پوسٹ میں کمپنی کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے خودکشی کے رجحانات اور خودکشی کی خواہش رکھنے والے صارف کی جگہ کا پتہ لگانے میں مدد مل سکے گی۔

فیس بک کے مطابق لائیو اسٹریمنگ وڈیو سے متعلق ٹولز کو اپ ڈیٹ کردیا گیا ہے، جسے استعمال کرتے ہوئے وڈیو دیکھنے والا صارف براہ راست وڈیو نشر کرنے والے شخص تک رسائی حاصل کر سکے گا جب کہ وڈیو کی رپورٹ بھی کر پائے گا۔

یاد رہےفیس بک پہلے ہی اپنی لائیواسٹریمنگ کے دوران جارحانہ مواد کو مانیٹر کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کر رہا ہے۔