بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میں ناتھن لیون کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے بھارت کا کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 189 رنز پر بنا کر ڈھیر ہوگئی۔
ہفتہ کو بنگلور کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارتی قائد کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 189 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، لیون کی جادوئی اسپن باؤلنگ کے سامنے بھارت کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور اس کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی طرح گرتی رہیں۔
لوکیش راہول کے سوا بھارت کا کوئی بھی بلے باز ڈٹ کر کینگروز باؤلرز کا مقابلہ نہ کر سکا، راہول کیریئر کی پانچویں سنچری سے 10 رنز کی دوری پر تھے کہ لیون نے ان کی اننگز کا خاتمہ کر دیا،6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے سے محروم رہے، مکنڈ صفر، پوجارا 17، کپتان ویرات کوہلی 12، راہانے 17، کرن نائر 26، ایشون 7، ساہا ایک، جدیجہ 3 اور ایشانت شرما صفر پر آؤٹ ہوئے۔
لیون آسٹریلیا کے کامیاب ترین باؤلر رہے، انہوں نے ریکارڈ ساز باؤلنگ کرتے ہوئے 50 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،ا سٹارک اور اسٹیو او کیف نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک بغیر وکٹ کھوئے 40 رنز بنا لئے تھے اور اسے بھارت کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 149 رنز کی ضرورت ہے، وارنر 23 اور رینشا 15 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔