مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع پلوامہ میں دو کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ان نوجوانوں کو ضلع کے علاقے ترال میں ہافو نازنین پورہ کے مقام پر ایک پر تشدد فوجی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شہید ہونے والے نوجوان عسکریت پسند تھے جو ایک جھڑپ میں مارے گئے۔قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے کے دوران ایک بھارتی پولیس اہلکار ہلاک جبکہ میجر سمیت متعدد بھارتی فوجی زخمی ہو گئے تھے۔
علاقے کے رہائشیوں نے میڈیا کو بتایا کہ قابض فوجیوں نے علاقے میں ایک رہائشی مکان گولہ باری کر کے مسمار کر دیا جس کے ملبے سے دونوجوانوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔نوجوانوں کی شہادت پر علاقے میں احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے ۔ اطلاعات کے مطابق بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
ادھر بھارتی فوج کے ایک اہلکار روشن سنگھ نے نے ضلع پونچھ کے علاقے لوئر کرشنا گھاٹی میں اپنی سروس رائفل سے خود کشی کر لی۔ خود کشی کے اس تازہ واقعے سے جنوری 2007 سے مقبوضہ کشمیر میں خود کشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 379 ہو گئی۔