بنگلورٹیسٹ:ایشون کی تباہ کن باؤلنگ،بھارت نے آسٹریلیا کو 75 رنز سےشکست دے دی

147

روی چندرن ایشون کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت بھارت نے آسٹریلیا کو دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں 75 رنز سے ہرا دیا، دونوں ٹیموں کے درمیان چار میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی۔

منگل کو بنگلور ٹیسٹ کے چوتھے روز بھارتی ٹیم نے 214 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو پوجارا 79 اور راہانے 40 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد میزبان بھارت کا کوئی بھی کھلاڑی ہیزلووڈ کی تندوتیز گیندوں کے سامنے سنبھل کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 274 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی.

بھارت نے 9 گیندوں پر آخری چار وکٹیں گنوائیں، پوجارا 92، راہانے 52، کرن نائر صفر، ایشون 4 اومیش یادیو ایک اور ایشانت شرما 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، وریدیمن ساہا 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، اس طرح بھارت نے کینگروز کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 187 رنز کا ہدف دیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزلووڈ نے 6 جبکہ سٹارک اور سٹیواو کیف نے 2، 2 وکٹیں لیں۔

جواب میں آسٹریلوی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم دوسری اننگز میں 112 رنز پر ڈھیر ہو گئی، ایشون نے جادوئی سپن باؤلنگ سے کینگروز کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کی دھجیاں بکھیر دیں، انہوں نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، کینگروز کے 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے سے محروم رہے، کپتان سٹیون سمتھ 28، پیٹرہینڈزکامب 24، ڈیوڈ وارنر 17، مچل مارش 13، میٹ رینشا 5، شان مارش 9، میتھیوویڈ صفر، مچل سٹارک ایک، سٹیو او کیف اور نیتھن لیون نے دو، دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انڈیا کی جانب سے ایشون نے 6 جبکہ یادیو نے دو، ایشانت شرما اور جدیجہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔