گال ٹیسٹ:پہلے دن کا اختتام پر سری لنکا کے 321 رنز

132

کوسل مینڈس اور اسیلاگونارتنے کی شاندار بلے بازی کی بدولت میزبان سری لنکا نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 321 زنز بنا لئے۔

منگل کو گال میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن ٹیم کے قائم مقام کپتان رنگنا ہیراتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، میزبان ٹیم کی اننگز کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 60 کے سکور پر اس کے 2 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے، اپل تھرنگا 4 اور دیمتھ کرونارتنے 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، 92 کے سکور پر دنیش چندیمل 5 رنز بنا کر چلتے بنے، اس موقع پر کوسل مینڈس اور اسیلاگونارتنے حریف باؤلرز کے سامنے ڈٹ گئے۔

دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ میں 196 رنز جوڑ کر سکور 288 تک پہنچا دیا،اس موقع پر تسکین احمد نے گونارتنے کو آؤٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ توڑ ڈالی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، گونارتنے 85 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد مینڈس اور نیروشن ڈکویلا نے مزید نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 321 رنز بنا لئے تھے، مینڈس 166 اور ڈکویلا 14 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، مستفیض الرحمان، تسکین احمد، سباشز روئے اور مہدی حسن میراز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔