ڈین ایلگر کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنا لئے۔
بدھ کو ڈونیڈن میں شروع ہونے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقن ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مہمان پروٹیز ٹیم کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور 22 کے سکور پر اسے تین مستند بلے بازوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا،ا سٹیفن کک 3، ہاشم آملہ اور جے پی ڈومینی ایک، ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افرقی ٹیم کے کپتان ڈوپلیسی نے ایلگرکے ساتھ ملکرکیویز بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور چوتھی وکٹ میں 126 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 148 تک پہنچا دیا، اسی دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں، یہاں پر جیمزنیشم نے ڈوپلیسی کو آؤٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ توڑی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، ڈوپلیسی نے 52 رنز بنائے، اس کے بعد باووما نے ایلگر کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کی اور دن کے اختتام تک مزید نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 229 رنز بنا لئے تھے، ایلگر 128 اور باووما 38 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
واگنر نے 2 جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور جیمز نیشم نے ایک، ایک وکٹ لی۔