سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل

161

سری لنکا اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا، بنگال ٹائیگرز کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 457 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش نے بغیر وکٹ کھوئے 67 رنز بنا لئے۔

جمعہ کو گال ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکن ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 274 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر کے مہمان ٹیم کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 457 رنز کا ہدف دیا، اپل تھرنگا نے ڈٹ کر بنگال ٹائیگرز کے باؤلرز کا مقابلہ کیا اور 115 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، چندیمل 50 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، دیمتھ کرونارتنے 32، کوسل مینڈس 19، اسیلاگونارتنے صفر، نیروشن ڈکویلا 15 اور دلروون پریرا 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن میراز اور شکیب الحسن نے دو، دو جبکہ مستفیض الرحمان اور تسکین احمد نے ایک، ایک وکٹ لی۔

جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم دوسری اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو سومیاسرکار اور تمیم اقبال نے ٹیم کو پر اعتماد آغاز فراہم کیا تاہم خراب روشنی دونوں بلے بازوں کیلئے رکاوٹ بن گئی اور کھیل کو وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا، اسطرح چوتھے روز جب کھیل ختم ہوا تو بنگلہ دیش نے بغیر کسی نقصان 67 رنز بنا لئے تھے۔

بنگلہ دیش کو کامیابی کیلئے مزید 390 رنز اور سری لنکا کو 10 وکٹوں کی ضرورت ہے، سومیاسرکار 53 اور تمیم اقبال 13 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔