نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز دوران میچ فائر الارم بجنے پر فوری طور پر اسٹیڈیم کو خالی کروا لیا گیا جس کی وجہ سے میچ 20 منٹ تک رکا رہا۔
جمعہ کو ڈونیڈن ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقن اننگز کے دوران اچانک گرینڈ اسٹینڈ میں فائر الارم بج اٹھا، ہنگامی صورتحال کا خطرہ محسوس کرتے ہوئے فوری طور پر سٹیڈیم میں موجود 3 ہزار سے زائد شائقین کو باہر نکالا گیا، کھلاڑی اور آفیشلز بھی میدان سے باہر چلے گئے، چند منٹ میں فائر بریگیڈ کا عملہ بھی پہنچ گیا تاہم متعلقہ حکام نے چھان بین کی تو معلوم ہوا کہ کہیں بھی خطرے کی کوئی بات نہیں تھی۔
میچ 20 منٹ بعد دوبارہ شروع کیا گیا تاہم میدان سے باہر جانے والے کئی تماشائی گھروں کو لوٹ گئے جس پر کھلاڑیوں نے مایوسی کا اظہار کیا۔