تازہ ترین ون ڈے رینکنگ،اے بی ڈی ویلیئرز نے ڈیوڈ وارنر سے ٹاپ پوزیشن چھین لی

142

جنوبی افریقن ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، انگلینڈ پانچویں اور پاکستانی ٹیم آٹھویں نمبر پر برقرار ہے، بلے بازوں میں اے بی ڈی ویلیئرز نے ڈیوڈ وارنر سے ٹاپ پوزیشن چھین لی۔

آئی سی سی نے انگلینڈ اور کالی آندھی کے درمیان آخری ون ڈے کے بعد تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے تحت جنوبی افریقن ٹیم سرفہرست ہے، آسٹریلیا کا دوسرا، نیوزی لینڈ تیسرے، بھارت چوتھے، انگلینڈ پانچویں، سری لنکا چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، پاکستان آٹھویں اور ویسٹ انڈیز نویں نمبر پر موجود ہے۔

بلے بازوں میں ڈی ویلیئرز نے ایک درجہ ترقی کے ساتھ دوبارہ ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا، وارنر کی ایک درجے تنزلی ہوئی ہے، کوہلی کا تیسرا نمبر برقرار ہے، جوروٹ 4 سیڑھیاں چڑھ کر 8ویں سے چوتھے نمبر پر آ گئے، ڈوپلیسی اور ڈی کاک کی ایک، ایک درجے تنزلی ہوئی ہے، گپٹل 2 درجے بہتری کے ساتھ ساتویں نمبر پر آ گئے، ولیمسن دو درجے گر کر آٹھویں نمبر پر چلے گئے، بابراعظم اور سٹیون سمتھ مشترکہ طور پر نویں نمبر پر آ گئے، ہاشم آملہ 6 درجے گر کر 11ویں نمبر پر چلے گئے، جوز بٹلر کی بھی چار درجے تنزلی ہوئی ہے، 14ویں سے 18ویں نمبر پر چلے گئے، ایلکس ہیلز 4 درجے بہتری پا کر 16ویں نمبر پر آ گئے۔

باؤلرز میں عمران طاہر سرفہرست ہیں، سنیل نارائن اور سٹارک ایک، ایک سیڑھی چڑھ کر بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر آ گئے، ٹرینٹ بولٹ دو درجے گر کر چوتھے نمبر پر چلے گئے، محمدنبی کی 3 درجے ترقی ہوئی، کرس ووکس 9 سیڑھیاں چڑھ کر 18ویں سے نویں نمبر پر آ گئے۔

آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن پہلے نمبر پر براجمان ہیں، ووکس ترقی پا کر ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے جبکہ معین علی تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے۔