پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی اصلاحات کا عمل جاری رہے گا،اسحاق ڈار

138

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے وفد سے ملاقات میں اسٹاک ایکسچینج میں اصلاحات جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

وفاقی وزیر خزانہ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ شنگھائی اینڈ شن زنگ اسٹاک ایکسچینج اور پاک چائنہ انویسٹمنٹ کمپنی کے ڈائریکٹرز کی تعیناتی کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چالیس فیصد ذخائر سرمایہ کاروں کو دینے کاعمل مکمل ہوگیا ہے بہتر ہوتے معاشی ماحول سے اسٹاک مارکیٹ مستقبل میں مزید ترقی کرے گی۔

وفد میں شامل ممبران نے حکومت کی جانب سے معیشت کی بحالی کیلئے کئے گئے اقدامات پر وزیر خزانہ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہونے سے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کاری کرنے کا سوچ رہے ہیں میٹنگ کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی بہتری کیلئے متعدد سفارشات پر بھی بات چیت کی گئی وفد نے وزیر خزانہ کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے سفارشات بھی پیش کیں اور کہا کہ ان سفارشات سے ٹیکس کے ڈھانچے میں موجود خامیوں کو دور کرکے کیپیٹل مارکیٹ کو بہتر بنایا جاسکے گا۔

وزیر خزانہ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی اصلاحات کاعمل جاری رہے گا اور آئندہ بجٹ میں مثبت تجاویز کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سٹیک ہولڈرز کی سخت محنت کی بدولت معیشت میں بہتری آئی ہے جس کو عالمی ممالک اور ایجنسیاں بھی تسلیم کررہی ہیں اس موقع پر وزیر خزانہ نے پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈز میں سرمایہ کاری کے حوالے سے پلان بھی دیا اس میں پبلک سیکٹر کے منصوبوں کی سرمایہ کاری پر فوکس کیا گیا ہے۔