نادرا اور کے الیکٹرک نے اپنا رویہ درست نہ کیا تو بھر پور احتجاج کیا جائے گا،حافظ نعیم الرحمن

161

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا ہے کہ نادرا محب وطن پختونوں،بنگلہ زبان بولنے والے پاکستانیوں اور مشرقی پاکستان سے ہجرت کر کے آنے والوں کے ساتھ ناروا سلوک اور امتیازی رویہ ترک کرے اور فی الفور ان کو قوی شناخی کارڈ فراہم کرے ۔جماعت اسلامی نادرا کے ناروا اور امتیازی سلوک کے خلاف جدو جہد میں متاثرین کے ساتھ ہے۔ کے الیکٹرک کی نااہلی اور ناقص کارکردگی نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے ۔کے الیکٹرک اور نادرا اپنا رویہ درست کرے ورنہ عوام کے ساتھ مل کر کے الیکٹرک اور نادرا کے دفاتر کا گھیراؤ کیا جائے گا۔حکمران عوام کے صبر کا امتحان نہ لیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت میٹروول میں کھلی عوامی عدالت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کھلی عوامی عدالت میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور نادرا اور کے الیکٹرک کے خلاف شدید غم و غصے اور بھر پور ردِ عمل کا اظہار کیا اور بتایا کہ یہ ادارے شہریوں کے ساتھ مسلسل ظلم و زیادتی اور ناانصافی کر رہے ہیں ۔کھلی عوامی عدالت سے جماعت اسلامی ضلع غربی کے امیر عبد الرزاق خان نے بھی خطاب کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نادرا کی جانب سے پختونوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنا سراسر غیر قانونی و غیر اخلاقی اقدام ہے۔محب وطن پختونوں کی حب الوطنی کے لیے کسی کوسرٹیفیکٹ دینے کی ضرورت نہیں۔پختونوں نے ہمیشہ اسلام اور پاکستان کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محب وطن بنگالیوں اور بہاریوں کو بھی شناختی کارڈ کے حصول میں مشکلات کاسامنا ہے۔نادرا محب وطن پختونوں ، مشرقی پاکستان سے ہجرت کر کے آنے والوں اور بنگلہ زبان بولنے والوں کی شہریت اور شناخت کو مشکوک بنانا بند کرے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کے الیکٹرک نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، غریب اور مظلوم لوگوں کی زندگی اجیرن بنادی گئی ہے ۔بوگس بلنگ اور اوربلنگ کے ذریعے عوام کو لوٹا جارہا ہے،عوام زائد بل بھرنے کے باوجود بے وقت کی لوڈ شیڈنگ سے پریشان ہیں۔عوام کو بل میں درستگی اور دیگر شکایات درج کروانے کے لیے بھی کے الیکٹرک کے دفاتر میں گھنٹوں لائنوں میں لگنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کراچی بھر میں کھلی عوامی عدالتوں کا انعقاد کیا ہے ۔آج میٹروول کے عوام نے بھی نادرا اور کے الیکٹرک کے حوالے سے اپنی شکایات درج کروائی ہیں۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع غربی عبد الرزاق نے پولیس کی جانب سے لسانی بنیادوں پر گرفتاریوں کی مذمت اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس عوام کو تنگ کرنے کے بجائے جرائم پر قابو پانے میں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائے۔پولیس کی جانب سے پختونوں کو گرفتار کرکے پیسے لے کر رہا کرنا ایک سنگین اقدام ہے۔نادرا کی جانب سے لوگوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنا بے بنیاد اور ظلم پر مبنی اقدام ہے۔