جماعت اسلامی کے جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ نے کہا کہ کرپشن،نااہلی اور اختیارات کا ناجائزاستعمال قومی ترقی کے راستہ میں رکاوٹ ہے۔
جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے لاہور میں خوشحال پاکستان فنڈ مہم کے لیے ٹاؤن شپ،گرین ٹاؤن،واپڈا ٹاؤن،منہالہ،سوامی نگر اور اچھرہ میں کیمپوں کا افتتاح کیا۔
لیاقت بلوچ نے کارکنان اور مخیر حضرات سے خطا ب کرتے ہوئے کہاکہ کرپشن ، نااہلی اور اختیارات کا ناجائزاستعمال قومی ترقی کے راستہ میں رکاوٹ ہے۔ کرپٹ مافیا نے عوام پر زبردستی غربت، مہنگائی، دہشتگردی اور لاقانونیت مسلط کردی ہے۔ 2018 کے انتخابات میں عوام ووٹ کی طاقت سے کرپشن کے بادشاہوں کو مسترد کردیں۔ ووٹر جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تو ہم ملک بھر میں ہر بحران کا خاتمہ کر دیں گے۔
لیاقت بلوچ نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ عوام کے مالی تعاون کو امانت و دیانت سے خرچ کیا جاتاہے۔ نظام مصطفےٰؐ ہی عوام کے مسائل کا حل ہے۔ سیکولر و مذہب بے زار طبقہ عاقبت نااندیش ہے۔ اغیار کے اشاروں کی وجہ سے غیر ذمہ دار عیاش ذہن اسلام اور شعائر اسلام کی توہین کر رہاہے۔ اسلامیان پاکستان ہر قربانی دے کر اسلامی قوانین اور آئین کی حفاظت کریں گے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ نائن الیون کے بعد فوجی آمروں کی غلط حکمت عملی نے امریکہ،بھارت اور بیرونی عناصر کو کھلی چراگاہ مہیا کردی جس کی وجہ سے آج پاکستان مشکلات سے دوچار ہے۔ امریکہ اور بھارتی سازشوں اور جارحیت کے مقابلہ کے لیے از سر نو قومی پالیسی اور افغانستان سے تعلقات کی بحالی کی حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔