مینجمنٹ اور کپتان جو بھی ڈیمانڈ کرے گی وہ کروں گا،کامران اکمل

149

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے کہاکہ پریکٹس سیشن کے دوران بھی گلوز نہیں پہنے صرف فیلڈ نگ پر ہی توجہ دے رہا ہوں، فیلڈنگ کو بہت زیادہ وقت دے رہا ہوں ،بلے باز کی حیثیت سے ٹیم میں جگہ بناؤں گا ، مینجمنٹ اور کپتان جو بھی ڈیمانڈ کرے گی وہ کروں گا۔

منگل کے روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا فٹنس ٹیسٹ ہوا ہے جو کہ پی سی بی کے معیار کے مطابق ہے اور اس سلسلہ میں کیمپ کے ٹرینر گرانٹ لوڈن زیادہ بہتر بتاسکتے ہیں ۔ اپنی فٹنس اور دو سال سے ڈومیسٹک میں دی جانے والی بہترین پرفارمنس کی وجہ سے پر امید ہوں کہ دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے دوبارہ موقع دیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ وہ تینوں فارمیٹ کی ٹیم میں شامل ہوکر پرفارمنس دے سکتے ہیں، اب یہ سلیکٹر ز پر منحصر ہے کہ وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔ کامران اکمل نے کہاکہ وہ بطور بلے باز ٹیم میں شامل ہونا چاہتے ہیں اور ان کا فوکس بھی زیادہ تر بیٹنگ کی طرف ہے اور پی ایس ایل میں سنچری کے ساتھ بہترین بلے باز کا ایوارڈ بھی حاصل کرچکے ہیں جو کہ میری محنت اور جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد اچھے وکٹ کیپر بلے باز اور کپتان ہیں میرا ان سے کوئی موازنہ نہیں ہے، ٹیم میں کوئی ان کی جگہ نہیں لے سکتا۔

انہوں نے کہا کہ میں بطور بلے باز ٹیم میں شمولیت چاہتا ہوں اور اگر مجھے چانس ملا تو میں اپنی پرفارمنس کا تسلسل برقرار رکھوں گا، دنیا میں بہت سارے کھلاڑی ایسے ہیں جو وکٹ کیپر ہونے کے باوجود بھی ٹیم کا حصہ ہوتے ہیں۔کیمپ میں دو وکٹ کیپرز ہونے کی وجہ سے مجھ پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے اور سرفراز احمد پر تو بالکل بھی نہیں ہونا چاہئے کیونکہ میں بطور بلے باز ٹیم کا حصہ بننا چاہتا ہوں اور کیمپ میں ابھی تک وکٹ کیپنگ بھی نہیں کی، اچھی فیلڈنگ کی ٹریننگ کررہا ہوں ۔

کامران اکمل نے کہاکہ ان کی ابھی چار سے پانچ سال کی کرکٹ باقی ہے اور فٹنس اور پرفارمنس کو برقرار رکھنے کی صورت میں اگلا ورلڈ کپ کھیل سکتا ہوں ۔ ان کا کہنا ہے کہ میرا ہدف ہے کہ میں اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کروں اور ٹیم میں اپنی جگہ پکی کروں ۔کامران اکمل نے کہاکہ بیٹنگ میں وہ انضمام الحق ،یوسف،منصور رانا اور یونس خان سے ٹپس لے چکے ہیں ۔