کولمبوٹیسٹ:سری لنکا نے پہلےدن کے اختتام تک 238 رنز بنالیے

85

سری لنکا نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز بنا لئے۔

بدھ کو پی سیرا اوول کولمبو میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن ٹیم کے قائد رنگناہیراتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں پر 238 رنز بنا لئے تھے، چندیمل کے سوا میزبان ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکا، دیمتھ کرونارتنے 7، اپل تھرنگا 11، کوسل مینڈس 5، اسیلا گونارتنے 13، دھانن جایا ڈی سلوا اور نیروشن ڈکویلا 34، 34 اور دلروون پریرا 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

 195 کے سکور پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد ہیراتھ نے چندیمل کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا اور دن ختم ہونے تک مزید نقصان نہ ہونے دیا، چندیمل 86 اور ہیراتھ 18 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان اور مہدی حسن میراز نے 2، 2 جبکہ سباشز روئے، تیج الاسلام اور شکیب الحسن نے ایک، ایک وکٹ لی۔