شام‘ فوجی اڈوں کی نشاندہی پر امریکی مشن کو خطرات

136

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے ترکی کی طرف سے شام میں امریکی فوجی چوکیوں سے متعلق انکشاف کو ایک ’پُرخطر اقدام‘ قرار دیا ہے۔ پینٹاگون نے کہا ہے کہ ترکی کی سرکاری نیوز ایجنسی اناطولیہ کی جانب سے شام میں بہ ظاہر 10 امریکی چوکیوں کے مقامات کے انکشاف نے جنگ زدہ عرب ملک میں امریکی دستوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ پینٹاگون نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ داعش کے خلاف بین الاقوامی عسکری اتحاد کے دستوں کے بارے میں حساس معلومات کا اس طرح جاری کیا جانا، ایک غیر ضروری خطرے کی وجہ بنا ہے۔ واضح رہے کہ ترک سرکاری نیوز ایجنسی اناطولیہ نے منگل کے روز اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ شام کے شمال میں کرد ملیشیاؤں ’پی کے کے‘ اور ’پی وائی ڈی‘ کے زیرقبضہ علاقوں میں امریکی فوجی چوکیوں کی تعداد 10 تک پہنچ گئی ہے۔ اناطولیہ نے ان میں سے چند مقامات کے بارے میں تو یہ تفصیلات بھی جاری کر دیں کہ وہاں تعینات امریکی اور فرانسیسی فوجیوں کی تعداد کتنی ہے۔ اس بارے میں پینٹاگون کے ایک ترجمان نے بدھ کی رات کہا کہ داعش کے خلاف بین الاقوامی عسکری اتحاد کے دستوں کے بارے میں حساس معلومات کا اس طرح جاری کیا نہ صرف ایک غیر ضروری خطرے کی وجہ بنا ہے، بلکہ اس سے ممکنہ طور پر داعش کے خلاف عسکری کارروائیوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ پینٹاگون کے ترجمان نے مزید کہا کہ ہم ان معلومات کے ذرائع کی انفرادی طور پر تصدیق تو نہیں کر سکتے، لیکن ہمیں اس بات پر گہری تشویش ہے کہ نیٹو میں ہمارے کسی قریبی اتحادی ملک کے حکام کی طرف سے دانستہ طور پر حساس معلومات کے اجرا کے ساتھ اتحادی فوجوں کو خطرے میں ڈال دیا جائے۔ پینٹاگون کی طرف سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان معلومات کے منظر عام پر لائے جانے کے بعد امریکا نے ترک حکومت سے باقاعدہ احتجاج کرتے ہوئے اسے اپنی تشویش سے آگاہ بھی کر دیا ہے۔ اناطولیہ نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی بتایا تھا کہ واشنگٹن نے شام میں 2 فوجی فضائی اڈے قائم کیے ہیں۔ ان میں سے پہلی ائربیس اکتوبر 2015ء میں شمال مشرقی صوبے حسکہ کے ضلع رمیلان میں قائم کی گئی تھی، جب کہ دوسری ائربیس مارچ 2016ء میں شمالی قصبے کوبانی کے جنوب میں خراب عشق نامی گاؤں کے قریب تعمیر کی گئی ہے۔ اناطولیہ نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ رومیلان ائربیس بڑی تنصیب ہے اور اس پر ہر طرح کے مال بردار طیارے اترسکتے ہیں، جب کہ خراب عشق ائربیس صرف فوجی ہیلی کاپڑوں کے اترنے کے لیے بنائی گئی ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ خراب عشق درحقیقت ایک فوجی اڈا ہے، ائربیس نہیں۔ تاہم منگل ہی کے روز جرمنی کے روزنامہ بلڈ نے اپنی رپورٹ میں کوبانی کے قریب ایک اور امریکی ائربیس سے متعلق انکشافات کیے۔ بلڈ اخبار نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ کچھ سیٹلائٹ مناظر سے پتا چلا ہے کہ شام کے شمال میں کوبانی کے قریب ایک خفیہ امریکی ائربیس قائم کی گئی ہے، جو 1.9 مربع کلومیٹر کے علاقے پر پھیلی ہوئی ہے۔ بلڈ کی رپورٹ کے مطابق اس ائربیس کو کرد ملیشیا شامی جمہوری فوج کے ساتھ تعاون کے لیے ایک لاجسٹک مرکز کے طور پر بنایا گیا ہے، لیکن یہاں سی 130 اور سی 17 کارگو طیاروں کے علاوہ سی 17 گلوب ماسٹر جیٹ طیارے بھی اتر سکیں گے۔