روس کا ایران کو سیکڑوں ٹی90 ٹینک بیچنے کا معاہدہ

202

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روسی حکومت نے ایران کو جدید ترین خصوصیات کے حامل ٹی 90 نامی سیکڑوں ٹینک فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق اس معاہدے کا انکشاف روسی صدر کے معاون برائے عسکری امور ولادی میر کوزین نے ماسکو میں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تہران اور ماسکو کے درمیان ایک نیا دفاعی سودا طے پایا ہے جس کے تحت روس ایران کو سیکڑوں کی تعداد میں ٹی 90 ٹینک فروخت کرے گا۔ اخبار ’ایزوسٹیا‘ سے بات کرتے ہوئے ولادی میر کوزین نے کہا کہ ہم یہ تو نہیں بتا سکتے ایران کو فروخت کیے جانے والے ٹینکوں کی تعداد کتنی ہے تاہم وہ بہت زیادہ ہے اور جسے سیکڑوں میں شمار کیا جاسکتا ہے۔ روس کے اسٹیریٹیجک ٹیکنالوجی اسٹڈی سینٹر نے انکشاف کیا ہے کہ مجوزہ طور پر ایران کو فروخت ہونے والے ٹینکوں کی مالیت ایک ارب ڈالر سے زیادہ ہوسکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق چونکہ ماسکو تہران کو سیکڑوں کی تعداد میں ٹی 90 ٹینک فروخت کررہا ہے۔ اس لیے ان کی مالیت بہت زیادہ ہوگی۔ امریکا کے ایک تھینک ٹینک’واشنگٹن فری بیکن‘ کی رپورٹ کے مطابق عالمی جوہری معاہدے کے بعد روس نے ایران کو طیارہ شکن میزایل S300 بھی فروخت کیے ہیں۔