حزب اللہ اور اسدی فوج کا لبنانی سرحد پر حملہ

154

بیروت (انٹرنیشنل ڈیسک) لبنانی ملیشیا حزب اللہ اور اسدی فوج نے شامی سرحد پر ایک نئی فوجی کارروائی شروع کی ہے۔ دونوں قوتوں کا دعویٰ ہے کہ وہ جرود عرسال کے سرحدی علاقے میں جبہۃ فتح الشام نامی تنظیم کے خلاف کارروائی کر رہی ہیں۔ یہ کارروائی جمعہ کے روز شروع کی گئی ہے۔ ایک اسدی فوجی کمانڈر نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ عسکریت پسند اس پہاڑی علاقے میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں اور اس آپریشن کے ذریعے انہیں وہاں سے نکال دیا جائے گا۔ اس دوران جانبین ایک دوسرے پر بھاری توپ خانے کا استعمال کر رہے ہیں، جب کہ اسدی فوج اس علاقے پر درجنوں فضائی حملے کیے ہیں۔ لبنانی ذرائع کے مطابق لڑائی کے دوران حزب اللہ کے 8 جنگجو مارے گئے ہیں۔ ادھر لبنان میں سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق سرکاری فوج نے عرسال کی جانب فرار ہونے والے عسکریت پسندوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ اس سے قبل لبنانی فوج نے جمعہ کی صبح عرسال قصبے میں اپنے ہائی الرٹ رہنے کی سطح بلند کرنے کا اعلان کیا تھا، تا کہ شامی جنگجوؤں کو دراندازی سے روکا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق لبنانی فوج نے عرسال قصبے اور اس کے نواحی علاقوں کے درمیان گزر گاہوں پر نگرانی سخت کر دی ہے۔