قبلہ اول کی بندش کیخلاف یورپ بھر میں مظاہرے

142

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) مسجد اقصیٰ میں فلسطینی نمازیوں کے داخلے پر اسرائیلی فوج کی طرف سے عاید کردہ پابندیوں اور مقدس مقام کی مسلسل بے حرمتی کے خلاف احتجاج کا دائرہ یورپی ملکوں تک پھیل گیا ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ’یورپین فائونڈیشن برائے القدس‘ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے روز نصرت الاقصیٰ ریلیوں کا انعقاد نہ صرف فلسطین کے اندر کیا گیا بلکہ یورپی ملکوں کے 20 شہروں میں بھی دفاع الاقصیٰ ریلیاں نکالی گئیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی بندش اور اسرائیلی فوج کے ہاتھوں اس کی مسلسل بے حرمتی کے خلاف نہ صرف فلسطینی شہری سراپا احتجاج ہیں بلکہ براعظم یورپ میں بھی بڑے پیمانے پر اسرائیلی پابندیوں کی مخالفت میں آوازیں بلند کی جا رہی ہیں۔ جمعہ کے روز جرمن، پولینڈ، بلجیم اور کئی دوسرے یورپی ملکوں میں مسجد اقصیٰ کی حمایت میں مظاہرے، ریلیاں، جلسے جلوس منعقد کیے گئے۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی مسجد اقصیٰ کی حمایت میں مہمات جاری ہیں جن میں سماجی کارکنان بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ جمعہ کو دفاع مسجد اقصیٰ اور یوم الغضب کی مناسبت سے سویڈن، جرمنی، ڈنمارک، ہالینڈ، آسٹریا، برطانیہ، اٹلی، سوئٹرزلینڈ، آئرلینڈ اور اسپین میں بڑے مظاہرے اور ریلیاں منعقد کی گئیں جن میں بڑی تعداد میں فلسطینی تارکین وطن، مسلمانوں اور دیگر سماجی کارکنان نے شرکت کی۔