شام کی سڑکوں پر روسی ملٹری پولیس کا راج

125

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شام کے جنوبی علاقوں میں میں کچھ عرصہ قبل تعینات کیے گئے روسی ملٹری پولیس اہل کاروں کے وڈیو کلپ منظر عام پر آئے ہیں۔ ان مناظر میں روسی ملٹری پولیس کے اہل کاروں کو جنوبی شام اور دمشق کے نزدیک مشرقی غوطہ کے علاقے میں سڑک پر کھڑی کی گئی رکاوٹوں کے ساتھ آنے جانے والی گاڑیوں کی شناخت اور تلاشی لیتے دیکھا جاسکتا ہے۔ روسی فوج نے حال ہی میں امریکا اور اردن کے ساتھ طے پائے سیف زون کے معاہدے میں شامل ان دونوں علاقوں میں اپنی ملٹری پولیس کے ارکان پھیلا دیے ہیں۔ اس فوجی سرگرمی کا مقصد جنگ بندی کی نگرانی اور پناہ گزینوں کی واپسی کی راہ ہموار کرنے کے لیے انسانی قافلوں کے پہنچنے کو یقینی بنانا بتایا گیا ہے، تاہم جس تیزی سے روسی اہل کار علاقے میں تعینات کیے جارہے ہیں، وہ مقامی آبادی کے لیے باعث تشویش ہے۔ سیف زون کے پہلے علاقے میں شام کے 3 جنوبی صوبے درعا، قنیطرہ اور سویدا شامل ہیں، جہاں پر یہ معاہدہ 9 جولائی سے نافذ العمل ہوا۔ اس علاقے میں روسی ملٹری پولیس نے 2 مراکز اور نگرانی کی 10 چوکیاں قائم کیں ہیں۔ اس معاہدے میں شامل دوسرا علاقہ دمشق کے قریب واقع مشرقی غوطہ ہے، جہاں پر یہ معاہدہ 22 جولائی سے نافذ العمل ہے۔ روسی ملٹری پولیس نے اس علاقے میں 2 مراکز اور 4 چوکیاں بنائی ہیں۔ یاد رہے کہ روسی وزیر خارجہ نے 19 جولائی کو بتایا تھا کہ شام میں ایک نئی جنگ بندی کے اعلان کا امکان ہے، جس میں غالباً حمص اور مشرقی غوطہ شامل ہوں گے۔ تاہم ماسکو نے 3 روز بعد جس نئے سیف زون کا اعلان کیا اس میں صرف مشرقی غوطہ شامل تھا، جب کہ صوبہ حمص کو چھوڑ دیا گیا ہے، جہاںسیف زون کے قیام کے لیے بھرپور مذاکرات کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔