جرمن چانسلر کی چاقو حملے کے محرکات معلوم کرنے کی ہدایت

381

برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہا ہے کہ ہیمبرگ میں ہونے والے چاقو حملے کے محرکات معلوم کیے جائیں۔ انہوں نے گزشتہ روز اس حملے میں متاثر ہونے والے افراد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں وہ ان کے ساتھ ہیں۔ واضح رہے کہ جمعے کی شام ہیمبرگ کی ایک سپر مارکیٹ میں چاقو سے مسلح ایک شخص نے کئی افراد کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جب کہ 6 زخمی ہو گئے تھے۔ حملہ آور کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا تھا اور اس سے تفتیش کا کام جاری ہے۔ ابتدائی رپورٹ میں حکام نے بتایا کہ حملہ آور کی عمر 26 سال ہے جو کہ ایک تارک وطن ہے۔ اس نے حملے کے بعد جائے وقوع سے فرار ہونے کی کوشش ضرور کی لیکن چند راہ گیروں نے اس کو گرا کر قابو کیا اور بعد میں پولیس نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔ نیوز ویب سائٹ اشپیگل آن لائن نے حملہ آور کا نام احمد اے بتایا ہے جبکہ پولیس نے اس کے نام اور شہریت کی تصدیق نہیں کی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا 50 سالہ شخص جرمن شہری تھا۔ خبر رساں ادارے کی آن لائن رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور کو دماغ کے خلل کا عارضہ بھی لاحق ہے اور وہ ادویات کا استعمال بھی کرتا ہے۔