منیلا (انٹرنیشنل ڈیسک) فلپائن کے جنوبی علاقے باسیلان میں مسلمان خاندانوں کے 1000 مکانات پراسرار طور پر آتش زدگی کا نشانہ بن کر خاکستر ہوگئے جس کے نتیجے میں ایک ہزار سے زاید خاندان مکان کی چھت سے محروم ہوگئے ہیں۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق جزیرہ ملاوی میں مقامی مسلمانوں کے ایک ہزار سے زاید مکانات جل کرخاکستر ہوگئے۔ فلپائن کے محکمہ فائر بریگیڈ کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کے گھروں کو لگنے والی آگ پرقابو پانے کے لیے عملہ 2 گھنٹے کی تاخیرسے پہنچا کیوں کہ ان کے پاس گاڑی نہیں تھی۔
واضح رہے کہ فلپائن میں مسلمان آبادی کی تعداد 1 کروڑ 20 لاکھ ہے جب کہ کل آبادی 10 کروڑ 50 لاکھ کے قریب ہے۔جزیرہ منداناؤ ملک کا دوسرا بڑا جزیرہ ہے جس میں باسیلان، بالوان اور طاوی طاوی جزائر واقع ہیں۔ حکام کے مطابق پراسرار طور پر آگ لگنے کا یہ واقعہ رواں ہفتے کے آغاز پر پیش آیا تھا۔
تاہم ذرائع ابلاغ کے مطابق آتش زدگی کے متاثرین مسلمان تاحال کھلے آسمان تلے کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔