ٹلرسن کا دورہ تھائی لینڈ‘ شمالی کوریا پر دباؤ بڑھانے پر گفتگو

189

بنکاک (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے تجارت اور علاقائی سیکورٹی کے معاملات پر مذاکرات کے لیے تھائی لینڈ کا مختصر دور کیا، جس دوران جوہری اور میزائل تشکیل دینے کے پروگرام پر شمالی کوریا پر دباؤ بڑھانے کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی۔ فلپائن میں علاقائی سیکورٹی فورم کے دورے کے بعد ٹِلرسن منگل کے روز بینکاک پہنچے جہاں اُن کی ملاقات وزیر اعظم پریوتھ چان اوچا اور وزیر خارجہ ڈون پریم دونائی سے ہوگی۔ 2014ء کے بعد وہ تھائی لینڈ کا دورہ کرنے والے پہلے اعلیٰ امریکی اہل کار ہیں۔ وائس آف امریکا کو جاری کیے گئے ایک بیان میں امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے کہا ہےکہ وزیر خارجہ نے علاقائی سلامتی، تجارت اور سرمایہ کاری، اور دیگر شعبہ جات میں امریکا تھائی تعاون کے وسیع جہتی امور پر بات کی، جن میں ’آسیان‘ جیسے علاقائی فورم سمیت دیگر امور شامل ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اُنھوں نے خطے اور عالمی سطح کے امور پر بات کی، جن میں عوامی جمہوریہ کوریا کی جانب سے سیکورٹی کو لاحق خطرات شامل ہیں اور ساتھ ہی بحیرہ جنوبی چین کے معاملات شامل ہیں۔ علاوہ ازیں شمالی کوریا کو تنہا کرنے کی غرض سے امریکا کی وضع کردہ پالیسیوں کی حمایت کا حصول بھی شامل ہے ۔ شمالی کوریا نے اقوام متحدہ کی جانب سے عائد کردہ تعزیرات کی خلاف ورزی جاری رکھی ہے ۔ ٹلرسن نے اپنے میزبانوں سے تجارتی امور پر بھی گفتگو کی۔ تھائی لینڈ سے وزیر خارجہ ٹلرسن کوالا لمپور جائیں گے ، جہاں وہ ملائیشیا کے حکام سے بات چیت کریں گے ۔ توقع ہے کہ وہ بدھ کو واشنگٹن لوٹیں گے ۔