عرب اتحاد کی یمن میں شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی تردید

134

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے عسکری کارروائیوں میں سرگرم عرب اتحاد نے صعدہ میں محضۃ کے علاقے میں ایک مکان کو بمباری سے نشانہ بنائے جانے کی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے ۔ عرب ٹی وی کے مطابق عرب عسکری اتحاد کے ترجمان کرنل پائلٹ ترکی المالکی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اتحادی فوج نے صعدہ گورنری میں محضہ کے علاقے میں شہری آبادی پر بمباری نہیں کی ہے ۔ ذرائع ابلاغ کی جانب سے صعدہ میں ایک مکان پر بمباری اور عام شہریوں کے قتل سےمتعلق تمام اطلاعات بے بنیاد ہیں۔ واضح رہے کہ بعض عرب ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ روز صعدہ گورنری کے نواحی علاقے محضۃ میں اتحادی طیاروں کی بمباری سے ایک مکان تباہ ہوگیا جس میں موجود ایک ہی خاندان کے 12 افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔ سعودی پریس ایجنسی واس کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ عرب فوج نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا اور نہ ہی ان کے پاس کسی مکان پر بمباری کی اطلاعات ہیں۔ تاہم اس حوالے سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ صعدہ میں کی گئی فوجی کارروائی کی رپورٹ مرتب کی جا رہی ہے ۔ اس سلسلے میں ایک مکان میں پیش آنے والے حادثے کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔ عرب اتحادی فوج دانستہ طور پر شہری آبادی کو نشانہ نہیں بناتی اور کارروائی سے قبل شہریوں کے کم سے کم جانی و مالی نقصان کے پیش نظر مکمل منصوبہ بندی کی جاتی ہے ۔