بیجنگ: طوفانِ بادوباراں‘ نظام زندگی مفلوج‘ پروازیں معطل

279
بیجنگ: چین کے دارالحکومت میں طوفان بادوباراں کے باعث سڑکوں اور ہوائی اڈے پر شہری پھنس گئے ہیں

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین کے دارالحکومت بیجنگ میں آنے والے طوفانِ بادوباراں کی وجہ سے شہر میں نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے جب کہ ہوائی اڈے پر سیکڑوں پروازوں کی آمد و رفت کا معطل ہوگئی ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق ائرپورٹ کی ویب سائٹ پر کہا گیا ہے کہ ہوائی اڈے پر مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے سے لے کر نصف شب تک تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جب کہ 182 تاخیر کا شکار ہیں۔ بیجنگ شہر کے حکام نے ہفتے کے روز تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں 70 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے، جو ممکنہ طور پر پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب آنے کا باعث بن سکتی ہیں۔ ساتھ ہی حکام نے انتباہ جاری کیا ہے کہ بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے ان علاقوں میں مٹی کے تودے گرنے کا خدشہ ہے، جہاں رواں ہفتے 7.0 شدت کا زلزلہ آ چکا ہے۔ چین کے قومی موسمیاتی مرکز نے ایک بیان میں ملک کے جنوب مغربی صوبے کے علاقے جیوزاؤ گو میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف کارکنوں کو بارش کی وجہ سے مٹی کے تودے اور آسمانی بجلی گر نے کا انتباہ کرتے ہوئے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ حالیہ بارش سے ایک دن قبل جمعہ کے روز کو منگولیا میں آنے والے سمندری طوفان کی وجہ سے 5 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے تھے، جب کہ درجنوں گھروں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔