واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کی 2 ریاستوں میں پولیس اہل کاروں پر فائرنگ کے 3 واقعات میں ایک پولیس افسر ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے، جب کہ پولیس نے کچھ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق یہ حملے جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب کیے گئے۔ ان واقعات میں پولیس اہل کاروں پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔ ایک حملہ امریکی ریاست فلوریڈا کے بڑے شہر کیسیمی میں کیا گیا۔ کیسیمی کے پولیس سربراہ جیف اوڈیل نے بتایا ہے کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس افسر ہلاک اور اس کا ساتھی شدید زخمی ہوا ہے۔ زخمی پولیس اہل کار کی حالت انتہائی نازک ہے۔ فائرنگ کے وقت پولیس اہل کارکچھ مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کر رہے تھے۔
موقعِ واردات پر موجود دیگر پولیس اہل کاروں نے حملے میں ملوث ہونے کے شبہے میں 3 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ جب کہ فرار ہونے والے ان کے چوتھے ساتھی کی تلاش جاری ہے۔ دوسری جانب فلوریڈا ہی کے ایک اور شہر جیکسن ول میں 2 پولیس اہل کار نامعلوم افراد کی گولیوں سے زخمی ہوئے۔ جیکسن وِل کی انتظامیہ کے مطابق پولیس اہل کار ایک ممکنہ خودکشی کی ٹیلی فون کال کے بعد ایک مقام پر پہنچے، تو ان پر بندوق سے گولیاں چلائی گئیں۔ اس دوران ایک پولیس اہل کار کو ہاتھ اور دوسرے کو پیٹ میں گولی لگی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں مبینہ حملہ آور ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔
ادھر امریکی ریاست پنسلوینیا کے بڑے شہر پٹس برگ کے جنوبی علاقے فیئرچانس میں ریاستی پولیس کی گشتی پارٹی پر ایک شخص نے بلا اشتعال فائرنگ کی۔ پنسلوینیا پولیس کی خاتون ترجمان نے بتایا کہ جوابی کارروائی میں حملہ آور کی موت واقع ہوگئی۔ ترجمان نے اس حملہ آور اور زخمی پولیس اہل کاروں کے بارے میں مزید تفصیل نہیں بتائی۔