ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) دنیا بھر سے حج کی ادائیگی کے لیے 18 لاکھ سے عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ محکمہ پاسپورٹس کے ڈائریکٹر جنرل، میجر جنرل سلیمان یحییٰ نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا ہے 16 لاکھ سے زائد عازمین حج فضائی سفر کے ذریعے پہنچے ہیں جبکہ 88 ہزار سے زیادہ کی زمینی راستے سے آمد ہوئی ہے اور تقریباً 15 ہزار سمندری راستے سے سعودی عرب پہنچے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا ہے کہ سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے ایک لاکھ 34 ہزار شہری اور ایک لاکھ 9 ہزار غیر ملکی تارکین وطن حج کریں گے۔ دوسری جانب خلیجی عرب ریاستوں کے درمیان سفارتی تنازع کی وجہ سے قطرسے صرف چند درجن افراد ہی حجاز مقدس پہنچے ہیں۔
قطر کی نیشنل ہیومن رائٹس کونسل نے یہ تعداد 60 سے 70 بتائی ہے جب کہ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ قطر سے 1200 حاجی پہنچے ہیں۔ گزشتہ برس 12000 قطری شہریوں نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔