امریکا میں 2 مختلف واقعات میں 9 افراد ہلاک

206
واشنگٹن/ میامی: ہائی اسکول میں فائرنگ کے بعد بچوں کے والدین احاطے میں جمع ہیں‘ بجلی منقطع ہونے پر بدحال ہو نے والے بزرگ شہریوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے

واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں 2 مختلف واقعات کے دوران 9 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان میں سے پہلا واقعہ بدھ کے روز ریاست واشنگٹن کے علاقے اسپوکین کے نزدیک ایک ہائی اسکول میں اس وقت پیش آیا، جب ایک بچے نے فائرنگ کرکے اپنے ساتھی کو ہلاک اور 3 افراد کو زخمی کردیا۔ فری مین ہائی اسکول میں رونما ہونے والے اس واقعے کے بعد پولیس نے حملہ آور کو حراست میں لے لیا ہے۔ زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا ہے، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ اسکول میں 327 طلبہ زیرتعلیم ہیں۔ دوسری جانب ریاست فلوریڈا کے ایک نرسنگ ہوم میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے 8 بزرگ شہری ہلاک ہوگئے۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ مشہور ساحلی شہر میامی کے علاقے ہولی وڈ میں پیش آیا۔



حکام کا کہنا ہے کہ طوفان ارما کے ٹکرانے کے بعد سے نرسنگ ہوم میں بجلی منقطع تھی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ائرکنڈیشننگ نظام کو بجلی فراہم کرنے والے ٹرانسفارمر پر درخت گرنے کے باعث کولنگ کا نظام رک گیا اور عمارت میں موجود افراد گرمی اور حبس کے باعث ہلاک ہوئے۔ علاقے کو بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث گرمی اور حبس سے بے حال 115 افراد کو مقامی اسپتال لایا گیا ہے۔ ان ہلاکتوں کے بعد امریکا میں ارما طوفان سے ہونے والی ہلاکتیں 20 تک پہنچ گئی ہیں۔ مقامی حکومت نے واقعے کی مکمل اور وسیع تر تحقیقات کرانے کا اعلان کیا ہے۔