دھماکے کے بعد برطانیہ میں سیکورٹی سخت‘ مشتبہ نوجوان گرفتار

277

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانوی پولیس نے مغربی لندن کے ایک زیر زمین ریلوے اسٹیشن پر بارودی مواد نصب کرنے والے شخص کی تلاش شروع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں ایک 18 سالہ نوجوان کو ڈوور کے علاقے میں دہشت گردی کے الزام کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔ دوسری جانب برطانیہ کی اندرونی سلامتی کو لاحق خطرے کے تناظر میں مجموعی سیکورٹی کو مزید چوکس کر دیا گیا ہے۔ برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے بھی ملکی سیکورٹی بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کلیدی مقامات کی نگرانی اب فوجی دستے کریں گے۔ جمعہ کے روز جنوب مغربی لندن کے پارسنز گرین اسٹیشن پر رکھے گئے بارودی مواد کے پھٹنے سے کم از کم 22 افراد زخمی ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق مشتبہ افراد کا کھوج لگایا جا رہا ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بتایا کہ لندن انڈرگراؤنڈ پر ایک روز قبل کیے گئے بم حملے کے سلسلے میں جس نوجوان کو گرفتار کیا گیا ہے، اس نے مشتبہ طور پر اس حملے میں اہم کردار ادا کیا۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بتایا کہ ملزم کی عمر صرف 18 برس ہے اور اسے انگلینڈ کے جنوبی بندرگاہی شہر ڈوور سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے تفتیشی ماہرین اس مشتبہ ملزم یا ان ملزمان کی تلاش میں تھے، جنہوں نے لندن کے زیر زمین ریلوے نظام کے پارسنز گرین نامی اسٹیشن پر وہ بالٹی بم رکھا تھا، جو اس دھماکے میں استعمال ہوا تھا۔



انسداد دہشت گردی کے برطانوی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بم دراصل ایک ایسی بالٹی تھی جسے لوہے کی کیلوں اور ٹی اے ٹی پی نامی دھماکا خیز مواد سے بھر کر پارسنز گرین کے ٹیوب اسٹیشن پر رکھ دیا گیا تھا۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کے مطابق یہ بات ابھی واضح نہیں کہ ’دہشت گردانہ حملہ‘ قرار دی گئی اس کارروائی کا ذمے دار کوئی ایک ملزم تھا یا ایک سے زیادہ۔ حکام کو امید ہے کہ جس نوجوان کو گرفتار کیا گیا ہے، اس سے اس بارے میں بہت اہم معلومات حاصل ہو سکیں گی۔ نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق پولیس کے ڈپٹی اسسٹنٹ کمشنر نیل باسو نے بتایا کہ اس ملزم کی ہفتے کو صبح کے وقت عمل میں آنے والی گرفتاری اس بم حملے کی تفتیش میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ اسے انسداد دہشت گردی کے قانون کے تحت پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے، تاہم ابھی تک نہ تو اس پر کوئی فرد جرم عائد کی گئی ہے اور نہ ہی فی الحال اس کی شناخت ظاہر کی جائے گی۔ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق لندن کے پارسنز گرین انڈرگراؤنڈ ٹرین اسٹیشن کو جمعہ کے روز بم حملے کے ایک روز بعد ہفتے کی صبح مسافروں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔ اس بم حملے کے بعد وزیر اعظم تھریسا مے نے ملک میں دہشت گردی کے خطرے کے خلاف وارننگ بڑھا کر بلند ترین سطح پر کر دینے کا اعلان بھی کر دیا تھا۔