اسرائیلی فوج کی فول پروف سیکورٹی میں130 یہود کا قبلہ اول پر دھاوا

284

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) مسجد اقصیٰ میں یہودی آباد کاروں کے دھاوے جاری ہیں۔ اتوار کے روز130 یہودی آباد کاراسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکورٹی میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے اور قبلہ اول میں گھس کر نام نہاد مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج نے مسجد الاقصیٰ میں اتوار کو اسرائیلی پولیس کی فول پروف سیکورٹی میں 130 یہودی اشرار نے قبلہ اول کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد مراکشی دروازے کے راستے مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئی۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ادھر قدس پریس کی رپورٹ کے مطابق اگست میں 3 ہزار 647 صہیونیوں نے قبلہ اول پر دھاوے بولے، ان میں اسرائیلی انٹیلی جنس کے 20 پولیس کے 14 اہل کار بھی شامل ہیں۔



دوسری جانب فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں بھی اتوار کے روز 3 مقامات پر سیکڑوں یہودی شرپسندوں نے دھاوے بولے اور تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کیں۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کی موجودگی میں جنوب مشرقی نابلس میں سیکڑوں صہیونی داخل ہوئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ یہودی آباد کاروں کے ایک گروپ نے نصف شب میں دھاوا بولا۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج اور پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہودی آباد کاروں کی بھاری تعداد نے عورتا قصبے کے 3 مقامات پردھاوے بولے اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مقدس مقامات کی بے حرمتی کی۔