سعودی سرحد پر جھڑپ میں 7فوجی ہلاک

312
ریاض: سرحد پر جھڑپ کے دوران سعودی فوج نے مشتبہ یمنی جنگجوؤں کو حراست میں لے رکھا ہے

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب کی سرحد پر یمنی باغیوں کے حملے میں کم از کم 7 فوجی ہلاک ہوگئے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ ہلاکتیں ملک کی جنوبی سرحد پر ہوئیں۔ سعودی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن کے ساتھ سرحد پر عرب اتحاد کے طیاروں کی معاونت سے حوثی اور صالح ملیشیاؤں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی ہیں۔ پہلی کارروائی سعودی سرحد کے نزدیک واقع یمنی صوبے حرض میں وادی عبداللہ کے علاقے میں کی گئی۔ دوسری کارروائی سعودی عرب کے صوبے عسیر میں واقع علاقے مرکز الربوعہ کے مقابل کی گئی جہاں سعودی فوج نے باغی ملیشیا کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ تیسری کارروائی پہلی دو کے مقابلے میں زیادہ بڑی تھی اور یہ پورے ایک روز جاری رہی۔ یہ کارروائی سعودی عرب کے علاقے نجران کے مقابل علاقے میں کی گئی جہاں آپریشن کنٹرول اینڈ کمانڈر روم نے حوثی ملیشیا کے عناصر اور عسکری گاڑیوں کو نجران کی سمت پیش قدمی کرتے دیکھا۔



سعودی فوج نے گھات لگا کر کارروائی کی اور ساتھ ہی اتحادی طیاروں نے شدید بم باری بھی کی۔ اس طرح سعودی فوج نے ان کارروائیوں کو اختتام پر پہنچایا۔ کارروائیوں میں 40 سے زیادہ حوثی عناصر ہلاک کر دیے گئے جن میں 3 اہم کمانڈر شامل ہیں اور 100 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔ اس کے علاوہ باغی ملیشیا کی 15 سے زیادہ عسکری گاڑیاں تباہ کر دی گئیں اور درجنوں کو قیدی بنا لیا گیا۔