امریکی پابندیاں ہمیں روک نہیں سکتیں‘ شمالی کوریا

383

پیانگ یانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی کوریا نے متنبہ کیا ہے کہ اس پر مزید پابندیوں اور دباؤ کا نتیجہ یہ ہو گا کہ ہمارے ایٹمی پروگرام میں مزید تیزی آ جائے گی۔ شمالی کوریا کی جانب سے سخت بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے اس پر لگائی جانے والی نئی پابندیاں انتہائی برے، غیر اخلاقی اور غیر انسانی جارحیت ہے۔ دوسری جانب چین اور امریکی صدور نے عزم کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کے عمل کے ذریعے شمالی کوریا پر دباؤ بڑھایا جائے۔ شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا اور اس کے حامیوں کی جانب سے شمالی کوریا پر پابندیوں اور دباؤ میں اضافے کا نتیجہ یہ ہو گا کہ ایٹمی پروگرام کی تکمیل کی جانب سفر زیادہ تیزی سے طے کیا جائے گا۔



بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی پابندیوں کا مقصد شمالی کوریا کے عوام، نظام اور حکومت کو ختم کرنا ہے۔ دوسری جانب چینی اور روسی وزرائے خارجہ نے تنازع کو پر امن طریقے سے حل کرنے پر زور دیا ہے۔ یہ بات ان دونوں ممالک کی طرف سے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر کہی گئی ہے۔