شمالی کوریا میں زلزلہ‘ عالمی برادری کو ایٹمی تجربے کا شبہہ

161

پیانگ یانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی کوریا میں ہلکی شدت کا زلزلہ آیا ہے جس کے بارے میں عالمی برادری نے ایٹم بم کے تجربے کا شبہہ ظاہر کیا ہے ۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.4 ریکارڈ کی گئی۔ چین کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زمین میں زلزلے کی گہرائی ’صفر کلومیٹر‘ تھی جن کا مرکز شمالی کوریا کا علاقہ کلجو تھا جہاں اس کا ایٹمی گھر قائم ہے۔ ماہرین نے امکان ظاہر کیا کہ شمالی کوریا نے زیرزمین ایک اور ایٹم بم کا تجربہ کیا ہے جس کی وجہ سے یہ جھٹکے پیدا ہوئے ۔ دوسری جانب امریکی ارضیاتی سروے نے کہا ہے کہ وہ فی الحال اس بات کی تصدیق نہیں کرسکتے کہ یہ قدرتی زلزلہ تھا یا پھر کسی ایٹمی تجربے کی وجہ سے پیدا ہوا۔ ادھر جنوبی کوریا کے حکام نے اسے قدرتی زلزلہ قرار دیا ہے ۔



شمالی کوریا اس سے قبل 6 ایٹمی تجربے کرچکا ہے جن کی وجہ سے پیدا ہونے والے زلزلہ کی شدت 4.3 یا اس سے زائد تھی۔ آخری تجربہ اس نے 3 ستمبر کو کیا تھا جس کی وجہ سے 6.3 شدت کے زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے جب کہ سیٹلائٹ تصاویر سے پہاڑی تودے گرنے کی تصاویر موصول ہوئی تھیں۔ حالیہ واقعے میں چین میں زلزلے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ’مبینہ دھماکا‘ ہے۔ تاہم جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ یہ قدرتی زلزلہ تھا جو کہ جوہری تجربے کے نتیجے میں نہیں آیا تھا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبے حامگینگ میں آنے والے حالیہ زلزلے کی گہرائی ایک کلومیٹر سے بھی کم تھی۔خبر رساں ادارے رائٹرز کا کہنا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے تجربے پر پابندی لگانے والے ادارے کے ایگزیکٹو سیکرٹری لاسینا زربو نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا ہے کہ ماہرین ’غیر معمولی طور پر تھوڑی شدت سے آنے والے اس زلزلے‘ کا جائزہ لے رہے ہیں۔
شمالی کوریا ؍ زلزلہ