تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کی دھمکی کے جواب میں ایران نے 2 ہزار کلومیٹر تک اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے ۔ ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ میزائل تجربہ کامیاب رہا لیکن یہ تجربہ کب کیا گیا اس کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ درمیانے فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے خرم شہر بیلسٹک میزائل کے تجربے کے مناظر سرکاری ٹی وی پر دکھائے گئے ۔ جمعہ کو ہونے والی عسکری پریڈ میں اس کی نمائش بھی کی گئی تھی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اس میزائل کو جنوری میں تیار کر لیا گیا تھا تاہم اس کا تجربہ اب کیا گیا ہے ۔ ایران کی جانب سے یہ میزائل تجربہ ایک ایسے وقت پر ہوا ہے جب امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران ایران کے میزائل پروگرام پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ ختم کر دیں گے ۔
امریکی صدر کے بیان کے بعد ایران کے صدر حسن روحانی نے اپنے دفاع میں کہا تھا کہ ایران کو حق ہے کہ وہ دفاعی مقاصد کے لیے میزائل پروگرام کو فروغ دے ۔ واضح رہے کہ رواں برس جنوری میں ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے کے بعد امریکا نے اُس پر پابندیاں عائد کی تھیں۔ امریکا کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے میزائل کا تجربہ 2015ء میں ہونے والے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی ہے ۔ امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دی ہے کہ اُس کے میزائل پروگرام کی وجہ سے وہ جوہری معاہدہ ختم کر دیں گے کیونکہ میزائل پروگرام کے ذریعے ایران جوہری ہتھیار لے جانے کی معلومات حاصل کر رہا ہے تاکہ جوہری معاہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد وہ اس پر عمل کر سکے ۔ ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین 2015ء میں طے پانے والے جوہری معاہدے کے تحت ایران 2025ء تک اپنا جوہری پروگرام منجمد کرنے پر متفق ہوا تھا۔ ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائل کے تازہ تجربے کے ردعمل میں واشنگٹن انتظامیہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران جوہری معاہدے کی اصل روح کی خلاف ورزی رکرہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوہری معاہدے پر دستخط کو 2 برس گزر چکے ہیں لیکن ایران کا معاندانہ رویہ جوں کا توں برقرار ہے۔ ہم ایران کے جوہری پروگرام پر مزید کنڑول سخت کرنے کے حامی ہیں۔ جوہری معاہدے اور اس میں شامل دفعات پر عمل کا مسلسل جائزہ لیا جانا چاہیے ۔
ایران ؍ میزائل تجربہ