رواں سال یہود کیلیے 11ہزار 700 مکانات کی منظوری

247

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطینی اتھارٹی کے ایک سینئر عہدے دار نے بتایا ہے کہ رواں سال میں اب تک اسرائیل نے فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاروں کو بسانے کے لیے 11 ہزار 700 مکانات کی تعمیر کی منظوری دی ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ’مزاحمت یہودی آباد کاری و نسلی دیوار‘ کے چیئرمین ولید العساف نے سرکاری ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مزید یہودی آباد کاروں کو بسانے کے لیے بڑی تعداد میں نئی کالونیوں کے قیام اور مکانات کی تعمیر کی تیاری کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے پچھلے 6 ماہ کے دوران 122 نئی کالونیوں کے نقشے تیار کیے ہیں۔ اس کے علاوہ پہلے سے قائم کی گئی کالونیوں میں بنیادی ڈھانچے کی توسیع اور ہزاروں ایکڑ فلسطینی اراضی ان کالونیوں میں ضم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی۔ ولید العساف کا کہنا ہے کہ صہیونی ریاست نے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر الخلیل اور بیت المقدس میں بڑی تعداد میں مزید کالونیوں کی تعمیر کی تیاریاں شروع کی ہیں۔