برطانیہ میں اسلامی مرکز کے امام پر قاتلانہ حملہ

417
لندن: قاتلانہ حملے کے بعد آرتھوپیڈک سرجن ناصر کردی کو اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانیہ کے شمال مغربی علاقے گریٹر مانچسٹر میں ایک آرتھوپیڈک سرجن کو اسلامی مرکز کے باہر چاقو حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ ناصر کْردی برطانوی قصبے آلٹرنکم میں اپنی بیوی، 3 بچوں 22 سالہ اسما، 19 سالہ محمد اور 13 سالہ احمد کے ساتھ رہتا ہے اور قصبے کے اسلامی مرکز میں باجماعت نماز کی امامت بھی کرتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 57 سالہ ناصر کردی اتوار کے روز نماز کی امامت کے لیے اسلامی مرکز پہنچا تو ایک نا معلوم شخص نے پیچھے سے گردن پر چاقو کا وار کیا اور فوراً فرار ہو گیا۔ ناصر کو زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔



برطانوی اخبار مانچسٹر ایوننگ نیوز کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ناصر پر حملہ کرنے والے شخص نے چاقو کا وار کرنے کے دوران اسلام مخالف الفاظ ادا کیے۔ اتوار کی شام 6 بجے پیش آنے والے واقعے کے نتیجے میں کْرد سرجن کی گردن میں گہرا زخم آیا۔ برطانوی پولیس نے واقعے کے بعد مقامی آبادی سے 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا جن کی عمریں 32 اور 54 سال ہیں۔