پیما کے زیر انتظام دو روزہ میڈیکل کانفرنس کا آغاز آج (ہفتہ) سے ہو رہا ہے

286

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے زیر انتظام دو روزہ میڈیکل کانفرنس پیچیدہ بیماریوں کی آگہی اور ان کے جدید طریقہ علاج کے حوالے سے ڈاکٹروں کو جن چیلنجز کا سامنا ہے اس کے سمجھنے اور دنیا کے سامنے پر امن کراچی کا حسین تصور اجاگر کر نے کے لیے مقامی ہوٹل میں 20 اور 21 اکتوبر2018ء کو انعقاد کیا جا رہا ہے۔ پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے پریس سیکریٹری ڈاکٹر محمد کاشف فاروقی کے مطابق افتتاحی کلمات یا موضوعاتی گفتگو ”کیا جو علم رکھتے ہیں اور علم نہیں رکھتے دونوں برابر ہیں؟“ کے عنوان سے بروز ہفتہ  20 اکتوبر2018 ءشام5:00 بجے تا6:30 مقامی ہوٹل میں رکھی جائے گی جب کہ حسن کارکردگی ایوارڈ برائے میڈیکل سروسز شام 7:00 بجے منعقد ہوگی۔ معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی کا خصوصی پروگرام ”علاج مرض الموت اور اختتام زندگی“ یا ”اختتام زندگی اور لاعلاج بیماریوں“ کے موضوع پر ”اسلامی نقطہ نظر“ کے حوالے سے بروز اتوار 21 اکتوبر کو صبح 11:00 بجے منعقد کیا جائے گا علاوہ ازیں ورک شاپس بعنوان ”خواتین ڈاکٹرز اپنے پیشے (کیریئر) میں مہارت کیسے حاصل کریں“، ”بچوں کے استحصال سے بچاﺅ میں خاندان کا کردار“، ”مریضوں پر پیشہ ورانہ توجہ کی اہمیت و آگہی“ اور ”ملک کے نوجوان ڈاکٹروں کو شعبے کے انتخاب“ کی رہنمائی کے لیے سیمینار کا انعقاد اتوار کو دوپہر 2 بجے کیا جائے گا۔