جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف برمنگھم کے درمیان معاہدہ

262

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید محمد طارق رفیع نے کہا ہے کہ رواں سال سے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی سے ڈگری حاصل کرنے والے سو طلبہ برمنگھم میں تربیت حاصل کر سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان اسلامک میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے منعقدہ کیریئر گائیڈنس سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور برمنگھم یونیورسٹی کے درمیان اس معاہدے کے تحت طلبہ کو دو سال کی تربیت حاصل کرنے کا موقع مل سکے گا۔ انہوں نے جنرل فزیشنز کو صحت کے نظام کا اہم جزو قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ کسی بھی فیلڈ میں اسپیشلائزیشن نہیں کرنا چاہتے ان کو میرا مشورہ ہے کہ وہ فیملی میڈیسن کی جانب توجہ کریں۔ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں بھی کالج آف فیملی میڈیسن اپنے ابتدائی مراحل میں ہے اور سرٹیفیکیٹ کورسز بھی آفر کر رہا ہے، یہ ایک اہم اور تیزی سے ابھرتا ہوا شعبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال50 فی صد میڈیکل گریجویٹ لڑکیاں کام کرنے کے بجائے گھر تک محدود ہو جاتی ہیں جو ملک و قوم کا نقصان ہے۔ پروفیسر طارق رفیع نے اس موقع پر والدین اور مردوں سے بھی اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور خواتین ڈاکٹرز کے کام کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹیں ختم کریں۔ پاکستان اسلامک میڈیکل ایجوکیشن کے تحت مقامی ہوٹل میں منعقدہ کیریئر گائیڈنس سیمینار سے ڈاکٹر کاشف شازلی، ڈاکٹر عنایت علی خان، ڈاکٹر خالد اشرفی، پروفیسر احمد فواد اور شاہد مصطفیٰ نے بھی خطاب کیا اور نوجوان ڈاکٹرز کو کیریئر گائیڈنس کے حوالے سے مفید مشورے بھی دیے۔