خیبر پختونخوا حکومت ،ضم شدہ قبائلی اضلاع میں انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش

135

پشاور (صباح نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے الیکشن کمیشن سے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں صوبائی انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش کر دی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کی جانب سے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو بھجوائے گئے مراسلے کے مطابق قبائلی اضلاع میں خیبرپختونخوا اسمبلی کی 16 نشستوں پر 2 جولائی کو ہونے والے انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش کی گئی۔ مراسلے میں انتخابات ملتوی کرنے کی 6 وجوہات بیان کی گئی ہیں جس میں سرفہرست امن و امان کی صورتحال، سرحد پار سے دہشت گرد حملوں کے خدشات، سیاسی قیادت پر حملوں کے خطرے، لیویز اور خاصہ داروں کے اختیارات پولیس کو دینے سے پیدا ہونے والے مسائل اور قبائلی علاقوں میں تعینات لیویز اور خاصہ داروں کی الیکشن کی تربیت نہ ہونا شامل ہیں۔ مراسلے میں الیکشن 20 روز کے لیے ملتوی کرنے اور الیکشن کی نئی تاریخ 25 جولائی مقرر کرنے کی سفارش کی گئی۔ دوسری جانب وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے بھی مراسلہ بھجوانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن سے قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش کی گئی ہے، تیاری کے بعد انتخابات کرائے جائیں گے۔