خیبر پختونخوا میں این جی اوز کی ازسرنو جانچ پڑتال کا فیصلہ

131

پشاور (صباح نیوز) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی ہدایت کے تحت خیبر پختونخوا میں غیرسرکاری اداروں کی ازسرنو جانچ پڑتال کا فیصلہ کر لیا گیا۔ صوبے بھر میں این جی
اوز کو 2 ہفتے کے اندر رجسٹریشن کی تجدیدکے لیے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کے مطابق رجسٹرڈ این جی اوز اور بغیر منافع چلنے والے فلاحی اداروں کی ازسرنو جانچ پڑتال کا فیصلہ ایف اے ٹی ایف کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا‘ تجدید نہ کرنے والے غیرسرکاری اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی‘ اس وقت صوبے بھر میں 2 ہزار سے زاید این جی اوز رجسٹرڈ ہیں تاہم صرف 150 کے قریب این جی اوز ہر سال رجسٹریشن کی تجدید کراتی ہیں۔ محکمہ داخلہ حکام کے مطابق رجسٹریشن کے بعد سیکڑوں اداروں کے مالیاتی امور، آمدنی کے ذرائع، ترسیل اور دیگر سرگرمیوں کی نگرانی نہیں کی جا رہی تھی۔