مریم نواز کی گرفتاری مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے،اسفندیار

60

پشاور (آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کی گرفتاری کے نئے
سلسلے کو پلانٹڈ منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان گرفتاریوں کا مقصد اب مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ پارلیمنٹ میں بھارتی اقدام کی مذمت اور قوم کو ایک پیج پر متحد کرنے کیلیے کئے گئے دعوے ڈھونگ تھے۔مریم نواز کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی نیب گردی سے سیاسی جماعتیں اور اپوزیشن کمزور نہیں ہو ںگی بلکہ حکومت کے عزائم بے نقاب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کو جیلوں میں ڈال کر کوئی حکومت مضبوط و پائیدار نہیں ہو سکتی۔، انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے حالیہ جلسوں نے حکومتی ایوانوں میں کھلبلی مچا رکھی ہے جس کی وجہ سے انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔اسفندیار ولی خان نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم پارلیمنٹ کو بے توقیر کر رہے ہیں اور وہ پارلیمان کو کمزور کرنے کے درپے ہیں۔موجودہ وقت میں جب تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر متفق ہونا چاہیے تھا حکومت نے سیاسی مخالفین کے خلاف نیب کو بطور ہتھیار استعمال کرنا شروع کر دیا ہے جس سے ملکی یکجہتی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
اسفند یار ولی