فضل الرحمن کا مارچ اسلام آباد میں کرسی کیلیے ہے‘ شوکت یوسفزئی

58

پشاور (اے پی پی) وزیراطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کو طویل عرصے بعد بے روزگاری دیکھنے کو ملی ہے‘ ان کا آزادی مارچ اسلام آباد میں کرسی کے لیے ہے‘ جب اپوزیشن کا کوئی رکن گرفتار ہوتا ہے تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے‘ احتساب کے نعرے سے
پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن آزادی مارچ کے لیے مذہب کا کارڈ استعمال کر رہے ہیں‘ پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے‘ یہاں اسلام کو کیا خطرہ ہوسکتا ہے‘ خطرہ تو ان کو ہے جنہوں نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے‘مولانا فضل الرحمن کو مارچ کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی کیونکہ کوئی ان کا ساتھ دینے کو تیار نہیں‘ پیپلز پارٹی اور ن لیگ دونوں پیچھے ہٹ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ابھی کوئی کیس بنایا ہی نہیں یہ تو ن لیگ اور پیپلز پارٹی دور کے بنے کیس چل رہے ہیں ‘ امریکا کے دورے میں وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے ‘ اپوزیشن کے پاس کوئی ایشو نہیں رہا سوائے مہنگائی کے‘ مہنگائی بھی ان ہی کی پیدا کردہ ہے۔
شوکت یوسفزئی