۔83 ارب روپے سے قبائلی اضلاع میں خوشحالی کا دور شروع ہوگا، محمود خان

62

پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے درہ آدم خیل میں 350 ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے سوئی گیس فراہمی کے منصوبے کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے جس سے درہ آدم خیل کے 5 قبیلوں کو گیس فراہم کی جائے گی، اُنہوں نے درہ آدم خیل کے باقی ماندہ 2 قبیلوں کیلیے بھی گیس فراہمی کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ افتتاح کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت قبائلی اضلاع کی تیز ترقی کیلیے اقدامات اُٹھا رہی ہے جس کیلیے رواں سال 83
ارب روپے کا تاریخی ترقیاتی بجٹ رکھا گیا ہے، جس سے نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد تمام ایف آرز اور قبائلی اضلاع کا دورہ کریں گے تاکہ عوام کو درپیش مسائل اور ترقیاتی عمل کا ازخود جائزہ لے سکیں۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ قبائلی اضلاع میں تاریکی کا دور ختم ہو چکا ہے اور اب ترقی اورخوشحالی اُن کا مستقبل ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں درہ آدم خیل اسپتال کی اپ گریڈیشن اور گرلز کالج کی تعمیر کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ درہ آدم خیل کی اسلحہ مارکیٹ کے فروغ کیلیے کاٹیج انڈسٹری کی طرز پر کام کیا جائے گا جس سے درہ آدم خیل میں اسلحہ ساز فیکٹریوں میں بننے والے اسلحے کو نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پرقابل فروخت بنایا جا سکے گا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے درہ آدم خیل میں اسلحہ بنانے والے کاریگروں/ مزدوروں کیلیے انصاف روزگار اسکیم کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کا اعلان بھی کیا۔
محمود خان