طالبان تحریک اور حکومت (قسط 7)

221

روسی افغان کمیونسٹوں کو احمق کہا کرتے تھے۔ اور یہ احمق پوری طرح روسیوں کے تابع مہمل تھے۔ مثلاً سلیمان لائق افغانستان کے صف اول کے کمیونسٹ رہنمائوں میں سے تھے۔ کمیونسٹ قبضہ کامیاب ہوا تو ریڈیو کابل پر ان ہی کا لکھا ہوا انقلابی ترانہ گایا گیا۔ اسے صدر حفیظ اللہ امین نے زندان میں ڈال دیا تھا۔ جیل میں پرچم پارٹی کے کسی وابستہ نے انہیں کہا کہ ’’آپ نے خلق اور پرچم دونوں کو راضی رکھنے کی پالسی اپنا رکھی ہے‘‘۔ سلیمان لائق نے جواب دیا کہ ’’مجھے پرچمیوں نا ہی خلقیوں کی پروا ہے، میں فقط ’’پوزانوف‘‘ (کابل میں تعینات روسی سفیر) کی ہدایات کا پابند ہوں‘‘۔ غرض حفیظ اللہ امین نے کمیونسٹ انقلاب کے رہبر نور محمد ترہ کئی کو مار ہی ڈالا۔ اور خود افغانستان کے صدر بن گئے۔ حفیظ اللہ امین کو سرکش پا کر روسی افواج نے براہ راست ’’قصرِدارلامان‘‘ پر حملہ کیا۔ اور ان کو بیٹے اور صدارتی دستے سمیت بھون ڈالا سب کی لاشیں غائب کر دی گئیں۔ زندان میں پھینکے گئے۔ حتیٰ کہ امین کی خواتین خود پل چرخی جیل میں گرفتاریاں دینے گئیں تاکہ قتل سے محفوظ رہ سکیں۔ بعد میں یہ خواتین کوئٹہ پہنچ گئیں۔ امین کے قتل کے بعد ببرک کارمل کو صدارت کی کُرسی سنبھالنے کے لیے بھیجے گئے۔ ایک افغان مصنف محمد اسحاق الکو لکھتا ہے کہ ’’ایک بار ببرک کارمل دیر تک دفتر میں بیٹھا رہا۔ باہر کھڑے محافظ کی ڈیوٹی کا وقت ختم ہوا تو اس نے اندر جاکر صدر ببرک کارمل کو کہا کہ اب آپ گھر تشریف لے جائیں تاکہ میں بھی گھر جائوں‘‘۔
طالبان نے اپنی حکومت اور مزاحمت کے اس طویل دور میں بھی اس طرح کی کوئی نظیر نہیں چھوڑی ہے۔ ان کی جماعت اور حکومت میں خلاف قانون و شرع کوئی عمل ہوتا تو بلا لحاظ محاسبہ ہوتا۔ عدل و انصاف کا معاملہ ہوتا۔ خواہ کوئی ادنیٰ منصب کا ہو یا اعلیٰ تمیز نہیں کی جاتی تھی۔ ملا داد اللہ تحریک کے بانی اراکین میں سے تھے۔ ان کے خلاف شکایات آئیں تو ملا محمد عمر نے بلا پس و پیش فوری احتساب کیا۔ تحریک کے اوائل میں جب پاکستان کے چمن سے متصل افغان ضلع سپن بولدک کے گمراہ و سرکش کمانڈروں کے خلاف کاروائی ہوئی تو ملا داد اللہ ہی تھے جنہوں نے آر پی جی کا پہلا فائر کیا تھا۔ اس طرح جنگ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ بعد کے ایام میں بھی ملا داد اللہ نے نمایاں عسکری کامیابیاں حاصل کیں۔ ایک تجربہ کار اور با اعتماد رہنما و کمانڈر تھے۔ ان کی فتوحات اور بہادری کی مثالیں دی جاتیں۔ ملا محمد عمر کو شکایتیں موصول ہوئیں کہ ملا داد اللہ بے رحم ہو گئے ہیں۔ تحریک کے اصول و روایات کو پامال کرتے ہیں۔ بہت بے لحاظ اور مغرور ہیں۔ چنانچہ ملا محمد عمر نے وزارت دفاع کو حکم دیا کہ ملا داد اللہ کو فوری غیر مسلح کیا جائے۔ جب اُسے امیر کے حکم سے آگاہ کیا گیا تو فوراً ہی تعمیل کر دی۔ اپنے ماتحت سپاہیوں کو بلند آواز میں کہا کہ امیر نے حکم دیا ہے کہ اسلحہ و گاڑیاں وزارت دفاع کے حوالے کی جائیں۔ ملا داد اللہ نے اپنی ذاتی پستول تک حوالے کر دی۔ اگلے ہی دن وہ ساری گاڑیاں اور اسلحہ کابل سے قندھار منتقل ہوئیں۔ چھ ماہ بعد بڑے علماء نے ملا محمد عمر سے ان کی خطاء معاف کرنے کی درخواست کی۔ ملا محمد عمر نے ان کی درخواست مان لی۔ مگر کہا کہ آئندہ ملا داد اللہ خود سری اور اپنی مرضی کے فیصلے نہیں کریں گے۔
افغانستان پر امریکی و ناٹو فوج کے حملے اور قبضے کے بعد جب طالبان کی پوری قوت ٹوٹ گئی۔ منشتر ہو گئی تب بھی ان کے درمیان الگ الگ دھڑوں کی نوبت نہ آئی۔ اور غیر ملکی افواج اور قبضے کے خلاف قیادت کی پکار سنی تو تنظیم جڑنے اور منظم ہونے میں دیر نہ لگی۔ ملا محمد عمر کے انتقال کے بعد امارت کے مسئلے پر اختلاف کی بازگشت ضرور ہوئی لیکن شوریٰ اور اعلیٰ قیادت کے فیصلے کے بعد مزید اختلاف کو ہوا دینے کی جرات کسی کو نہ ہوئی۔ نہ ہی قیادت نے تحریک کو کسی کے خاندان کے لیے مخصوص کرنے کی اجازت دی۔ چنانچہ ملا اختر منصور کو قیادت کی ذمے داری سونپ دی گئی۔ ملا اختر منصور کے امریکی ڈرون حملے میں قتل کے بعد مولوی ہبتہ اللہ اخوندزادہ اس بڑی سیاسی و عسکری تنظیم کے امیر مقرر ہوئے۔ گویا تحریک خاندان اور نہ ہی شخصیات کے حصار میں ہے۔ ملا محمد عمر غلزئی قبائل کی شاخ ہوتک سے تعلق رکھتے تھے۔ ملا اختر منصور درانیوں کے اسحاق زئی قبیلہ سے تھے۔ جبکہ مولوی ہبتہ اللہ اخوند زادہ درانیوں کے قبیلہ نورزئی سے تعلق رکھتے ہیں۔ طالبان کی تحریک ہر قسم کے تعصبات سے پاک تھی اور ہے۔ ان کی حکومت میں شوریٰ کے اندر اہل تشیع بھی نمائندگی رکھتے تھے۔ امریکی قبضے کے بعد داعش جیسے گروہوں کو اجازت نہ دی کہ وہ نسلی اور مسلکی بنیاد پر کسی کو نشانہ بنائیں۔ بلکہ وقتاً فوقتاً ان گروہوں کی سرکوبی کی ہے۔ علی الخصوص اپنی تحریک کے اندر فرقہ واریت کو جگہ نہیں دی۔ کشمیر کی مسلح تنظیموں کے افراد جن کے ساتھ پاکستان کی ایک فرقہ پرست تنظیم سپاہ صحابہ کے لوگ بھی تھے کو غالباً 1997 یا 1998میں اپنے ملک سے نکال دیا۔ ملا محمد عمر ا س طرح کی تنظیموں کے قطعی حامی نہ تھے۔ پاکستان کے معروف عالم دین مولونا یوسف لدھیانوی (18 مئی 2000ء) کے کراچی میں قتل کے سانحہ نے ملا محمد عمر کو بہت مغموم و رنجیدہ کردیا تھا۔ ملا محمد عمر مرحوم نے طیب آغا (قطر کے سیاسی دفتر کے سابق سربراہ) کو وائرلس سیٹ پر کہا کہ سپاہ صحابہ والوں سے کہو کہ خدا تم لوگوں کو تباہ کر دے، تم لوگوں کی وجہ سے امت کی سطح کے علماء شہید ہو رہے ہیں۔
(جاری ہے)