لگتا ہے خان نے ایک بڑا یوٹرن لے لیا ہے

404

سابق صدر اور ریٹائرڈ آرمی چیف مشرف کو سنگین غداری کیس میں سزائے موت سنانے کے بعد جو سونامی سا ابھرا تھا وہ اس قدر تیزی کے ساتھ بیٹھتا چلا گیا جیسے وہ طوفان نہیں کولڈ ڈرنگ کی بوتل میں بھڑک جانے والے جھاگ تھے جو بے قابو ہوکر بوتل سے باہر ابلے پڑ رہے تھے۔ خصوصی عدالت کے اس ’’خصوصی‘‘ فیصلے کے فوراً بعد پی ٹی آئی کی جانب سے جس قسم کا شدید رد عمل سامنے آیا تھا وہ تو خود ایک حیران کن امر تھا ہی لیکن موجودہ آرمی چیف کی زیر قیادت کور کمانڈروں کے سات گھنٹے کے اجلاس کے بعد جس قسم کا شدید ترین بیان سامنے آیا وہ نہ صرف حیران کن تھا بلکہ پریشان کن بھی۔ ملک کی تاریخ میں یہ پہلا واقعہ ہے کہ کسی بھی قسم کی عدالت کے کسی بھی فیصلے کے بعد آرمی کی جانب سے عدالت کے کسی بھی فیصلے کے خلاف کوئی بیان آیا ہو اور وہ بھی اتنا شدید جیسے اب چند ہی گھنٹوں میں پورا پاکستان فرش سے اٹھا کر عرش کی بلندی تک لیجانے کے بعد پہلے پلٹا جائے گا اور اس کے بعد اسے واپس زمین پر پٹخ دیا جائے گا۔ اس سے قبل نجانے کتنے وزرائے اعظم عدالتی فیصلوں کی بھینٹ چڑھائے جاتے رہے لیکن کسی ایک فیصلے کے خلاف ترجمان کی جانب سے کبھی کوئی بیان نہیں آیا۔ یہ بات یاد رہے کہ ہر ملک کا سپریم کمانڈر وزیر اعظم یا حکومت کا سربراہ ہی ہوا کرتا ہے اور ملک کی ساری فورسز کے چیف اس کی ہی کمانڈ میں اپنے اپنے فرائض ادا کرتے ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ اس بیان میں بار بار اس بات کو دہرایا گیا کہ کوئی بھی سپہ سالار ملک کا غدار نہیں ہو سکتا تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ملک کا وہ سربراہ جو ہر کمانڈر کا کمانڈر ہوتا ہے اور کسی بھی ریاست کے سب سے اعلیٰ عہدے پر فائز ہوتا ہے وہ کیسے ملک کا غدار یا ملک کے لیے سیکورٹی رسک ہو سکتا ہے۔
یہ بات بھی پیش نظر رکھنی چاہیے کہ وفاداری اور غداری ایسا معاملہ ہے جو کسی وقت بھی سامنے آ سکتی ہے۔ اس کا کسی بھی عظیم المرتبت ہستی سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ ابلیس نے معلوم نہیں کتنے لاکھ برس اللہ کی عبادت میں گزارے۔ وہ معلم الملکوت تک رہا تھا اور بہت علم والا تھا۔ بظاہر زہد و تقویٰ میں اس سے کوئی بھی برتر نہیں تھا لیکن وہ اپنی سرکشی اور غرور کی وجہ سے ایک لمحے میں مردود ٹھیرا دیا گیا۔ سربراہ فوج کا ہو یا حکومت کا یا کوئی بھی غیر اہم اور اہمیت والا، وہ کسی بھی وقت ایسی خطا کر سکتا ہے جو غداری کے زمرے میں آتی ہو۔ دنیا کی تاریخ میں ایسے نہ جانے کتنے سربراہان اور عسکری و سول عہدیداران گزرے ہیں جو قانون کی گرفت میں آکر اپنی اپنی سزا کو پہنچتے رہے ہیں۔ یہ بات یاد رکھنے کی ہے کہ آئین و قانون سے برتر کوئی بھی نہیں خواہ وہ ملک کے کسی بھی حساس یا اہم ادارے کے عہدے پر فائز ہو اس لیے کسی بھی عدالت کے عدالتی فیصلے کے بعد (میرے نزدیک) ایک غیر ذمے دارانہ بیان آنا عقل و فہم سے بالا تر ہی ہے۔
یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ پرویز مشرف کے خلاف جو بھی کیس چل رہا تھا یہ کسی ادارے، فرد یا کسی شخصیت کی جانب سے دائر نہیں کیا گیا تھا بلکہ یہ کیس حکومت کی جانب سے دائر کیا گیا تھا۔ اس لحاظ سے اگر دیکھا جائے تو پرویز مشرف کے خلاف فیصلہ بہر لحاظ حکومت ہی کی جیت تھی۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جب فیصلہ سو فی صد حکومت ہی کے حق میں آیا تو پھر حکومتی وزرا اور پی ٹی آئی اس فیصلے پر کیوں برہم نظر آ رہی ہے؟۔ اب اس کی دو ہی وجوہات ہو سکتی ہیں، ایک تو یہ کہ حکومتی حلقوں کو اس بات کا علم ہی نہیں کہ مقدمے کا مدعی کون تھا یا پھر جب اس پر عسکری ذرائع کی جانب سے شدید رد عمل آیا تو انہوں نے اپنے منہ میں ان کی زبان ڈال لی اور جذبات میں یہ بھول گئے کہ انہیں تو اپنی جیت کا جشن منانا چاہیے تھا۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ مقدمہ جیتنے والی پارٹی فریق مخالف کے ہارجانے پر سیخ پا ہو اور فیصلے حق میں آجانے کے باوجود نہ صرف ناخوش ہو بلکہ اس طرح احتجاج کر رہی ہو جیسے عدالت نے اس کے خلاف کوئی سازش کی ہو اور اسے سیاسی میدان میں نیچا دکھانے اور اس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی ہو۔
یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر حکومتی حلقے اس پر سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں تو انہوں نے کسی بھی فیصلے کے آنے سے قبل اپنی درخواست عدالت سے واپس کیوں نہیں لی جبکہ وہ ایسا کرنے میں مکمل قانونی اختیار رکھتی تھی۔ دوسری جانب جب اس مقدمے کا دوسرا فریق ادارہ نہیں بلکہ ایک فرد (پرویز مشرف) تھا تو فیصلہ آنے کے بعد کسی ادارے کی جانب سے براہ راست اس پر کسی قسم کا کوئی رد عمل کیوں آیا اور وہ بھی نہایت شدید۔ عسکری حلقوں کا اضطراب تو کسی حد تک سمجھ میں آتا ہے لیکن جو بات عقل و سمجھ سے بالا تر ہے وہ حکومتی حلقوں میں پائی جانی والی بے چینی ہے کیونکہ وہ اگر چاہتی تو پرویز مشرف کو اس بحران سے بالکل اسی طرح بآسانی باہر نکال سکتی تھی جیسے مکھن سے بال کو کھینچ لیا جاتا ہے۔ اب یہاں دو ہی باتیں ہو سکتی ہیں، ایک یہ کہ حکومت کی قانونی ٹیم اتنی نا اہل تھی کہ اسے قانون کا یہ پہلو دکھائی ہی نہیں دیا یا پھر وہ منافقت پر اتری ہوئی تھی اور اس بات کی خواہش رکھتی تھی کہ پرویز مشرف اپنی سزا کو پہنچیں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ اسے اس بات کا اندازہ ہی نہ ہو کہ اس کے ’’محسنین‘‘ اس حد تک شدید رد عمل کا مظاہرہ کریں گے کہ خود ان کی کرسی کے لیے خطرے کی گھنٹیاں بجنے لگیں گی۔
کبھی کبھی یہ بھی لگتا ہے کہ حکومت اور مقتدرہ جیسے دوہرے کھیل کھیل رہی ہو۔ حکومت مقتدرہ کی بظاہر حامی ہو لیکن وہ اندر ہی اندر ان کے خلاف کوئی خفی ارادہ بھی رکھتی ہو۔ ممکن ہے کہ مشرف کے خلاف فیصلے پر جو بھی رد عمل حکومت کی جانب سے سامنے آ رہا ہے یہ تصویر کا ایک رخ ہو جبکہ دوسرا رخ کچھ اور ہی ہو جس کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ حکومت نے مشرف کے خلاف کی ہوئی اپیل کو واپس نہیں لیا۔ اسی دہرے عمل کا ایک مظاہرہ آرمی چیف کی توسیع کے معاملے میں بھی دیکھنے میں آیا جس میں ایک مرتبہ نہیں، چار مرتبہ جاری کیے گئے نوٹسز قانونی پہلوؤں کے سامنے رکھ کر نہیں بنانے گئے جس کے نتیجے میں عدالت نے نہ صرف انہیں مسترد کر دیا بلکہ آخر کار یہ حکم سنایا کہ حکومت پالیمنٹ میں اس سلسلے میں باقائدہ قانون سازی کرے۔ ان دونوں موقعوں پر مقتدرہ کو بہت سبکی کا سامنا رہا۔ یہ دونوں انداز بظاہر اس جانب اشارہ کرتے نظر آتے ہیں کہ حکومت، حکومتی معاملات میں عسکری ادارے کے عمل دخل کو دور رکھنا چاہتی ہے۔ پھر بات یہیں ختم نہیں ہو جاتی بلکہ سیاسی رہنماؤں کو عدالتی جکڑ بندیوں سے آزاد کرکے وہ پارلیمان کی برتری کی جانب بھی پیش قدمی کرتی نظر آتی ہے۔ اس سلسلے میں اخبارات میں شائع ہونے والے حکومتی بیان کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے جس میں وزیر اعظم کا یہ کہنا بہت وزن رکھتا ہے کہ اداروں کو اپنے اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کرنا چاہیے اور ملک میں قانون کی حکمرانی کو تسلیم کرنا چاہیے۔ یہ وہ بیانیے ہیں جو الفاظ کے ہیر پھیر کے ساتھ ساری سیاسی پارٹیاں دیتی رہی ہیں اور اب پی ٹی آئی نے بھی اسی جانب ’’یوٹرن‘‘ لے لیا ہے۔
ملک میں اب کیا ہونے جارہا ہے، اس پر قیاس آرائی قبل از وقت ہی ہوگی لیکن اب اداروں میں یہ کشمکش بڑھتی جارہی ہے کہ کس کو کس پر برتری حاصل ہے۔ پہلے پی ٹی آئی اس کشمکش سے باہر نظر آتی تھی لیکن اب لگتا ہے کہ وہ خود بھی اس سرد جنگ میں شامل ہو چکی ہے جو شاید پی ٹی آئی کا اس وقت کا سب سے بڑا یو ٹرن بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ ایک دوسرے پر برتری کی اس جنگ میں اس بات کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے کہ ریاست ہے تو ہم سب ہیں اور اگر ریاست نہیں تو ہم سب صفر بھی نہیں لہٰذا اس بات کا خیال ہر صورت میں رکھنا ضروری ہے کہ ہماری کسی بھی کشاکش کا منفی اثر ریاست پر نہیں پڑنا چاہیے ورنہ سب کچھ تباہ و برباد ہو کر رہ جائے گا۔