کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے سندھ حکومت نے ٹاسک فورس تشکیل دے دی

252

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کروناوائرس سے نمٹنے کیلئے سندھ حکومت نے ٹاسک فورس تشکیل دے دی، ٹاسک فورس کیسربراہ وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ خودہوں گے اور ٹاسک فورس روزانہ کی بنیاد پر شام 7 بجے سی ایم ہاؤس میں اجلاس کرے گی جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے ایران سے آئے 1500 لوگوں کی اسکریننگ کی ہدایت کردی ہے،

تفصیلات کے مطابق کراچی میں کروناوائرس کا کیس رپورٹ ہونے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس ہوا، اجلاس میں چیف سیکریٹری،وزیرصحت،مرتضیٰ وہاب،ڈی جی رینجرز، ایڈیشنل آئی جی،ڈائریکٹرایف آئی اے اور ڈی جی ایئرپورٹ شریک ہوئے،

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کروناوائرس کے2کیسزسامنے آنے پر پریشان ہوگیاہوں، اس کے پیش نظر اچانک اجلاس بلاناپڑا، یہ وائرس عالمی مسئلہ بنتاجارہاہے، ہمیں نہ صرف اسے روکنابلکہ اپنی جان کی حفاظت بھی کرنی ہے،

جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے ایران سے آئے 1500 لوگوں کی اسکریننگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ایران سے آئے1500لوگوں کی شناخت ہوچکی ہے، موبائل نمبرز، ایڈریسز ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے،

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ متعلقہ لوگوں کی آئسولیشن نہین ہورہی تو ان کے گھر کورنٹین رکھیں،

وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ ڈاکٹرز کو ویڈیو پیغام جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا عوام کو واضح پیغام ہے گھبرانے اور پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، آپ کی حکومت آپ کا پورا خیال رکھے گی، تمام لوگ رضاکارانہ طور پر تعاون کریں،

مراد علی شاہ نے کہا کہ گروپ میں شامل تمام 28لوگوں کی بھی اسکریننگ کی جائے جس پر سیکرٹری صحت نے بتایا 28 لوگ خود بھی محکمہ صحت سے رابطے میں اور تعاون کررہے ہیں،

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ صحت کو اسپتالوں میں استعمال ہونے والی اشیار فوری طور پر خریدنے اور عوام کیلئے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کردی،

سندھ حکومت نے کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دے دی، ٹاسک فورس کے سربراہ وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ خودہوں گے، فورس میں چیف سیکرٹری،سیکرٹری ہیلتھ،کمشنراوردیگرشامل ہیں، ٹاسک فورس روزانہ کی بنیاد پر شام 7بجے سی ایم ہاؤس میں اجلاس کرے گی،

خیال رہے پاکستان میں کورونا کے دو مریضوں کی تصدیق ہوگئی ہے، ایک شخص کراچی دوسرا اسلام آباد کے پمز میں زیر علاج ہے، دونوں ایران سے وطن واپس آئے تھے،

صوبائی وزیراطلاعات ناصرشاہ کاکہناہے کراچی سمیت سندھ میں سینٹربنادیے ہیں،ایران اورچین سے آنیوالوں کی اسکریننگ کی جارہی ہے جبکہ تعلیمی ادارے دو دن کے لئے بند کر دیے گئے ہیں۔