کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں اس وقت 50 فیصد سے زائد عورتیں اور بچے خون کی کمی، وٹامن ڈی اور کیلشیم کی کمی کا شکار ہیں، جس کی بنیادی وجہ نامناسب خوراک، لڑکیوں اور عورتوں میں خون کا اخراج اور بچوں میں غذائیت کی کمی اور پیٹ کے کیڑے شامل ہیں، غذائیت کی کمی اور نامناسب خوراک کی وجہ سے عورتیں اور بچے ہڈیوں کی کمزوری کا شکار ہیں جس کی بنیادی وجہ ان کے جسم میں کیلشیم اور وٹامن ڈی کی کمی ہے،
ہیلتھ اسکریننگ کیمپ کا انعقاد کراچی پریس کلب کی ہیلتھ کمیٹی نے نے سوسائٹی آف اوبسٹیٹریشنز اینڈ گائناکالوجسٹس (SOGP) کے تعاون سے کیا تھا۔ اس موقع پر سو سے زائد خواتین اور بچوں کے خون اور ہڈیوں کے ٹیسٹ کیے گئے جس کے مطابق 50فیصد سے زائد بچے اور خواتین فولاد کی کمی کی وجہ سے خون کی کمی اور وٹامن ڈی اور کیلشیم کی وجہ سے ہڈیوں کی کمزوری کا شکار نکلے،
اس موقع پر موجود ماہرین صحت نے بتایا کہ خون، کیلشیم اور وٹامن بی کی کمی کے نتیجے میں خواتین اور بچے مختلف جسمانی اور نفسیاتی عوارض میں مبتلا ہو رہے ہیں، جن میں چڑچڑاپن، تھکن، دل کی دھڑکن کا بڑھ جانا، بچوں اور عورتوں میں میں معمولی چوٹ لگنے کے نتیجے میں ہڈیوں میں فریکچر ہو جانا اور دیگر مسائل شامل ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ خون کی کمی اور وٹامن ڈی اور کیلشیم کی کمی کے نتیجے میں عورتوں اور بچوں کی صلاحیتیں بری طرح متاثر ہو رہی ہے،
گائناکالوجسٹس کے مطابق پاکستان میں ابھی بھی آدھی سے زائد زچگیاں گھروں میں ہوتی ہیں، جس کی وجہ سے 25 فیصد ابارشن ہوجاتے ہیں۔ پاکستان میں ہر 40 یا 45 منٹ میں ایک حاملہ خاتون ہلاک ہو جاتی ہے اور اقوام متحدہ کے مطابق 2019 میں ایک لاکھ میں سے 140 حاملہ خواتین اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھیں،