کورونا وائرس: جلدی ختم نہیں ہوگا، غلط فہمی میں نہ رہیں

327

جنیوا: کورونا وائرس کے خطرے سے عالمی ادارہ صحت نے آگاہ کرتے ہوئےکہا ہے کہ  کویڈ -19 طویل مدت تک جاری رہ  سکتا ہے ، دنیا کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ “ہمیں کورونا وائرس پرقابو پانے  کیلئے طویل سفرطےکرنا ہے، افریقا سمیت متعددممالک میں اس کا ابھی آغاز ہوا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سوڈان میں پچھلے ہفتے کورونا وائرس کیسز کی تعداد میں 250 فیصدجبکہ صومالیہ میں اس کے کیسز میں تقریباً 300 فیصد اضافہ ہوا، عالمی ادارہ صحت نے درست وقت پر کورونا وائرس ایمرجنسی کا اعلان کیا تھا، تمام ممالک کے پاس وبا پر اقدامات اٹھانے کیلئے  وقت موجودتھا۔

بیان میں کورونا وائرس کی وبا کو شواہد کی بنیاد پرعالمی ادارہ صحت نے قدرتی قراردیا۔

ترجمان فدیلا صیب نےکہا ہے کہ حالیہ عرصے میں میڈیا پر نوول کورونا وائرس کے ماخذ کے بارے میں افواہیں پھیل رہی ہیں لیکن شواہد واضح کرتے ہیں کہ یہ وائرس لیبارٹری کی پیداوار نہیں بلکہ قدرتی ہے۔

میڈیا بریفنگ کے دوران فدیلا صیب نے کہا کہ عالمی برادری کو اس وقت وبا کے ساتھ ساتھ افواہوں کا چیلنج بھی درپیش ہے، حالیہ دنوں میڈیا میں کورونا وائرس کے ماخذ کے بارے میں بے شمار افواہوں کا پھیلنا انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ موجودہ حقائق ثابت کرتے ہیں کہ یہ وائرس جانورسے انسانوں میں منتقل ہوا۔

ممکنہ طور پر چمگادڑ وائرس کا ماخذ ہے اور یہ وائرس کیسے انسان میں منتقل ہوا؟ اس کی تحقیق جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ چمگادڑ اور انسان کےدرمیان ایک اورجانداربھی ہوسکتا ہے جو وائرس کی منتقلی کا سبب بناہو ۔ دنیا بھر میں محققین اس حوالے سے تحقیق میں مصروف ہیں۔